خیرپور ،کوچ اور وین میں تصادم 12 افراد جاں بحق،15 زخمی

137

خیر پور (نمائندہ جسارت) اولڈ نیشنل ہائی وے حسین آباد کے قریب وین اور کوچ میں تصادم کے نتیجے میں 12افراد جاںبحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال کردیا گیا۔ تفصیلات مطابق خیرپور کے قریب اولڈنیشنل ہائی وے روڈ پر حسین آباد کے قریب مسافر کوچ اور مسافر وین کے درمیان خوفناک تصادم میں 12 افراد جاں بحق 15 افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی پہلے عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو تباہ شدہ گاڑیوں سے نکالا، حادثے میں مسافر وین پوری طرح تباہ ہوگئی تھی، جبکہ پولیس اور ریسکیو کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال خیرپور منتقل کردیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کی جارہی ہیں کہ حادثے کی وجوہات کیا ہیں، زخمیوں کوخیرپور اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں 3 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔حادثے میں جاںبحق ہونے والوں میں نجیب منصور ، علی ڈنو شاہ، علی شیر، سبحان شاہ، نیاز علی شاہ ، داد محمد راجپز، ساجد ، غلام حسین ، نینا جمالی، عبید ولد کوڑو خان چانڈیو، نصیرالدین، محمد شکیل شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں سکینہ ، ثنا اللہ ، غلام حیدر، حب دار، عبدالستار ، ایان علی شامل ہیں۔علاوہ ازیںپیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے خیرپور کے قریب مسافر بس اور وین کے درمیان ہونے والے ہولناک تصادم کے نتیجے میں 12 افراد کے جاں بحق ہونے اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے،انہوں نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ زخمیوںکو بہتر سہو لیات فراہم کرے اور ہر قسم کی ممکن سہولیات فراہم کریں۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے ایم ایس سول اسپتال خیرپور سے رابطہ کر کے زخمی افراد کوبہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔