عمران خان مہنگائی مافیا کی سرپرستی کرکے عوام دشمنی کررہے ہیں،بلاول

235

کراچی/اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر/آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے رمضان کے مہینے میں ہوشربا مہنگائی کا ذمہ دار عمران خان اور پی ٹی آئی حکومت کو قرار دے دیا ہے، میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری بیان میں چیئرمین پی پی پی بلاول زرداری نے کہا کہ رمضان کے آغاز میں گھی، آٹا، دالوں اور گوشت سمیت 16 ضروری اشیا کی قیمتوں میں اضافہ پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی ہے، چیئرمین پی پی پی نے اس مہنگائی کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملک میں مہنگائی کرنے والی مافیا کی سرپرستی کرکے عوام سے دشمنی کررہے ہیں، انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ عمران خان کے رمضان میں ہر چیز کی نگرانی کے اعلان کے بعد مہنگائی میں خوف ناک اضافہ ہوچکا ہے، اس موقع پر چیئرمین بلاول زرداری نے موجودہ حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت نے عوام کو دیوار سے لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، رمضان کے مہینے میں کھانے پینے کی اشیا کی ریکارڈ قیمتوں نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، چیئرمین بلاول زرداری نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے واضح طور پر کہا کہ یہ ملک اور اس کے مسائل کا حل آپ کے بس کی بات نہیں، عمران خان نے جس رمضان پیکج کا اعلان کیا تھا، وہ کہیں نظر نہیں آرہا، رمضان میں یوٹیلٹی اسٹورز کو سبسڈی دینے سے حکومت کی ذمہ داری ختم نہیں ہوگئی کیونکہ اوپن مارکیٹ میں مہنگائی آسمان کو چھورہی ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے لگائے گئے بیشتر بچت بازاروں میں اوپن مارکیٹ سے زیادہ مہنگی اشیا فروخت ہورہی ہیں،بلاول زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج رمضان میں عام آدمی کا اتنا بجٹ بھی نہیں کہ وہ اپنے اہل خانہ کے لیے یومیہ سبزیاں اور پھل تک خرید سکے۔ بلاول زرداری نے عمران خان کی مہنگائی کو قابو کرنے میں ناکامی پر کہا کہ وہ ضد چھوڑیں اور عوام پر رحم کھاکر مستعفی ہوں اور گھر جائیں۔