پنجاب 100 سالہ نظام ختم،کاشتکاروں کیلئے ای آبیانہ بلنگ سسٹم کا افتتاح

659

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبے کے کاشتکاروں کی سہولت کے لیے جدید ای آبیانہ نظام متعارف کرا دیا گیاہے۔ 90 شاہراہ قائداعظم پر بدھ کو ای آبیانہ بلنگ سسٹم متعارف کرانے کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کاشتکاروں سے آبیانہ وصولی کے جدید ای سسٹم کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ آبیانہ وصولی کے جدید ای سسٹم رائج ہونے سے آبیانہ کے ایک صدی پرانے نظام کا خاتمہ ہو گیا ہے‘ پہلے مرحلے میں4 پائلٹ کینال ڈویژنز خانواہ، لیہ، قصور اور شیخوپورہ میں ای آبیانہ نظام کا اجرا کیا گیا ہے اور اس نظام کو بتدریج پورے صوبے میں متعارف کرایا جائے گا‘ کاشتکاروں کو آبیانہ کا کمپیوٹرائزڈ بل جاری کیا جائے گا‘ کاشتکاروں کو ای آبیانہ نظام کے تحت بے پناہ سہولت ملے گی‘ ای نظام کے تحت آبیانہ کی شفاف وصولی کے بعد اسے بروقت سرکاری خزانے میں جمع کرایا جا سکے گا‘ پرانے نظام کی خامیوں سے نجات ملے گی‘ آبیانہ کی ادائیگی قریبی بینکوں، ایزی پیسہ، اے ٹی ایم، جاز کیش یا ای پے موبائل ایپ کے ذریعے کی جاسکے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ای آبیانہ نظام کی بدولت بروقت وصولی کو یقینی بنایا جا سکے گا اور اس نظام سے نہری نظام کی دیکھ بھال میں مالی معاونت ملے گی۔