سندھ کے اسپتال ملک بھر کے عوام کی خدمت کررہے ہیں،مرتضیٰ وہاب

200

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ میں 2 برس میں 3 لاکھ سے زاید افراد دوسرے صوبوں سے علاج کے لیے آئے صرف خیبر پختونخوا سے 38 ہزار سے زاید مریض علاج کے لیے سندھ آئے۔سندھ اسمبلی بلڈنگ کے میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس کے دوران ملک بھر کے مریضوں کی تفصیلات میڈیا کو بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کے اسپتال پورے پاکستان کے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ ترجمان سندھ حکومت نے وفاقی وزیر مراد سعید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے دودھ اور شہد کی نہریں بہا دیں ہیں تو خیبرپختون خوا سے کیوں سندھ میں لوگ علاج کے لیے آرہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے عوام سندھ کے سائیبر نائف کی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں اور گمبٹ میڈیکل سینٹر پاکستان کا واحد پبلک اسپتال ہے جسکے تمام اخراجات سندھ حکومت برداشت کرتی ہے اور وہاں جگر اور گردوں کا ٹرانسپلانٹ ہوتا ہے۔ اس وقت تک جگر کی 200 سے زاید پیوندکاریاں گمس میں ہوچکی ہیں جن میں سے 86 دوسرے صوبوں کے مریض تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف الزام تراشی کرتے ہیں مگر ہم عملی کام اور عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مراد سعید نے جوش خطابت میں اعتراف کرلیا کہ عمران خان کارخانے بنانے نہیں آئے لیکن ہم تو باربار کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کارخانے بند کرنے آئے ہیں۔ عملی طور پر عمران خان نے ثابت کردیا کہ وہ کارخانے بند کرنے آئے تھے۔ خان صاحب واقعی اعلان خان ہیں انہوں نے کوئی وعدہ وفا نہیں کیا۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ سندھ حکومت صحت کی بہترین سہولیات فراہم کررہی ہے لیکن مراد سعید اپنے صحت کارڈ کی مارکیٹنگ کرنے آئے تھے۔