عید بعد ہر عمر کے لوگوں کو کورونا ویکسین لگائی جائیگی‘ وزیر صحت سندھ

77

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کورونا ویکسین کے حوالے سے اپنی ذمے داری احسن طریقے سے پوری کررہی ہے اور عید الفطر کے بعد ہر عمر کے لوگوں کو یہ ویکسین لگائی جائے گی، سول اسپتال میں باقاعدہ او ٹی چلتے ہیں،سرجری کے دن مقرر ہوتے ہیں،14 بیڈ کا آئی سی یو ہے،وہ بھرا رہتا ہے،ہم چاہتے ہیں اس میں بیڈز کی تعداد بڑھائیں ، کورونا کے دوران الیکٹرک سرجری بند کی تھی،3 ماہ کی تاخیر کے باعث کافی آ گے کی تاریخیں دی گئیں ۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران رکن سندھ اسمبلی اور جماعت اسلامی کے رہنما سید عبدالرشید و دیگر ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے بتائی۔ وزیر صحت سندھ نے کہا کہ حیدرآباد کے سرکاری اسپتال جو این جی اوز کو دیے گئے ہیں ان میں سے کچھ اچھا کام کرتے ہیں، کچھ کام نہیں کرتے،ہم کسی کی تنخواہ نہیں روک سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہمیں کمیشن کے ذریعے ڈاکٹرز کو لانا پڑتا ہے جبکہ این جی اوز کنٹریکٹ پر لوگوں کو رکھتی ہیں ۔ عذرا فضل نے کہا کہ ہم ان اسپتالوں کو ادویات کی مد میں پیسے دیتے ہیں،اگر کسی اسپتال میں ادویات نہیں ملتیں تو ہمیں آگاہ کیا جائے،ہم اس کے خلاف ایکشن لیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پرائمری ہیلتھ کئیر تمام اضلاع میں کام کررہے ہیں تاہم یہ کراچی میں کام نہیں کررہے۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے تمام آر ایچ یوز اور ایچ سیز تمام این جی اوز چلا رہی ہیں۔سندھ حکومت ان کو نہیں چلا رہی ہے ،تھرڈ پارٹی ویلیو ایشن ہے۔وزیر صحت نے کہا کہ کراچی کے کیماڑی ٹاؤن میں 14 ای پی آئی مراکز ہیں،ان سینٹر کو بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں،بابا بھٹ کے حوالے سے عملے کے ڈیوٹی پر نہ آنے کی شکایات آرہی ہیں،ہم اس پر ایکشن لیں گے۔