بھارت : آکسیجن منقطع ہونے سے 22 مریض ہلاک

336
بھارت: کورونا سے مرنے والے شہری کا رشتے دار اسپتال کے باہر افسردہ بیٹھا ہے‘ وارڈ متاثرین سے بھرا پڑا ہے

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کے ذاکر حسین اسپتال میں آکسیجن سلنڈر سے گیس خارج ہونے کی وجہ سے کورونا وارڈ کو فراہمی متاثر ہوگئی، جس کے نتیجے میں 22 مریض دم توڑ گئے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے اہم شہر ناسک کے ذاکر حسین اسپتال میں آکسیجن گیس کے اسٹوریج روم میں لیکیج کی وجہ سے کورونا وارڈ کے مریضوں کو آکسیجن سپلائی متاثر ہوئی۔ گیس کا اخراج اس وقت ہوا جب وہاں گیس بھری جارہی تھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے پورا اسٹوریج روم گیس سے بھر گیا۔ آکسیجن سپلائی کرنے والے ادارے کے اہل کار مکمل طور پر بے بس دکھائی دیے۔ مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جب کہ لواحقین کو فی کس 5 لاکھ روپے امدادی رقم کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ آکسیجن گیس کی کم فراہمی کے باعث سب سے پہلی وینٹی لیٹر پر موجود 11 مریض جان کی بازی ہار گئے اور اس کے بعد مزید 11 مریض جو سلنڈر سے آکسیجن لے رہے تھے ہلاک ہوگئے۔ دوسری جانب ریاست مہاراشٹر میں ریمیڈیسیور انجکشن کی چوری سے متعلق خبر سامنے آئی ہے اور اسپتال سے انجکشنوں کی بڑی تعداد غائب کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ تاہم مہاراشٹر میں ریمیڈیسیور انجکشن کی قلت کے حوالے سے حکمران جماعت اور اپوزیشن کے درمیان الزام تراشیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ جب کہ ریمیڈیسیور کی چوری اور بلیک مارکیٹنگ کے واقعات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ ناسک کے گروجی اسپتال میں پی پی ای کٹ پہن کر ریمیڈیسیور انجکشن کی چوری کی گئی۔ اسپتال کے ملازمین کی ملی بھگت سے چوری کی واردات کو انجام دیا گیا۔ ناسک پولیس نے انجکشن چوری کر نے والے 3 چوروں کو گرفتار کر لیا ہے۔