امریکی سفیر کی مشاورت کے لیے روس سے وطن واپسی

135

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) روس میں تعینات امریکی سفیر جان سولیوان نے کہا ہے کہ وہ مشاورت کے لیے امریکا روانہ ہو رہے ہیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ان کا یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکا اور روس نے ایک دوسرے پر پابندیاں لگانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ جان سولیوان نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ امریکا اور روس کے درمیان تعلقات پر بات چیت کرنے کے لیے وطن واپس جارہے ہیں، تاہم چند ہفتوں بعد روس لوٹ آئیں گے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکا اور روس کے درمیان تعلقات کی موجودہ صورتحال پر امریکا میں اپنے نئے ساتھیوں کے ساتھ براہ راست گفتگو ضروری ہے۔ یادرہے کہ جمعہ کے روز روس نے کہا تھا کہ امریکی سفیر کو بھی واشنگٹن میں تعینات روسی سفیر کی تقلید کرتے ہوئے ملک لوٹ جانا چاہیے۔ اس سے قبل صدر بائیڈن نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو قاتل قرار دیا تھا،جس کے بعد روسی سفیر امریکا چھوڑ کر وطن آگئے تھے۔ بعد میں بائیڈن انتظامیہ نے امریکا میں تعینات روس کے 10 سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا اور روس کی 6کمپنیوں اور 32افراد اور اداروں پر پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ جواب میں روس نے بھی امریکا کے 10سفارتکاروں کو ملک بدر کر نے کا اعلان کرتے ہوئے 8امریکی عہدے داروں پر پابندیاں عائد کردی تھیں۔