فیکٹری کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والے بھتا خور سمیت 32 گرفتار

168

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پولیس نے فیکٹریوںکو بم سے اڑانے کی دھمکیاں دے کر بھتاطلب کرنے وا لے بھتا خور سمیت مختلف جرائم میں ملوث32 ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ،منشیات اور موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بازارپولیس نے فیکٹریوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں دے کر صنعتکاروں سے بھتا طلب کرنیوالے ملزم شہر یار کو گرفتار کرلیا۔عزیز بھٹی پولیس نے دو مختلف کارروائیوں میں اسٹریٹ کرمنل نعمان ولد عبدالشکور اور دومنشیات فروشوں ایاز علی اور جنید کو گرفتار کیا۔ ڈیفنس پولیس نے مین کورنگی روڈ سروس روڈ نزد گولڈن ٹاور سے موٹرسائیکل لفٹر اعجاز ولد سجاد‘منگھو پیر پولیس نے 6مفرور ملزمان سہیل اختر، شہزاد، انعام اللہ ،پرویز، خلیل حسین اور غلام جان کو گرفتارکرلیا‘رضویہ سوسائٹی پولیس نے کابلی بازار کے علاقے میں چھاپا مار کارروائیوں میں تین ملزمان عبدالرازق ولد رسول صدیقی، فرحان ولد مبین اور محمد رحمان ولد زرمیل خان کو گرفتار کرلیا۔ گلشن معمار پولیس نے اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث ملزم ارباب علی کو گرفتار کرکے ایک بغیر لائسنس ٹی ٹی پستول اورناظم آباد سے چوری شدہ موٹرسائیکل برآمدکرلی۔ شارع نور جہاں پولیس نے منشیات فروش محمد جبران کو گرفتار کر کے 50ہزار روپے ،موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔کلاکوٹ پولیس نے ایک ملزم ماجد کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ گڈاپ سٹی سے پولیس نے منشیات فروش نعمان گل کوگرفتارکر کے ایک کلو چرس اور مسرقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔اقبال مارکیٹ پولیس نے محسن خان اور پاکستان بازار پولیس نے اویس نعیم کو گرفتار کرلیا۔فیروز آباد پولیس نے سوسائٹی قبرستان کے قریب کارروائی کے دوران دو ملزمان اسلم خان اور عثمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ماوا گٹکا برآمد کرلیا۔موچکو پولیس نے حب چوکی چیک پوسٹ پر کارروائی کے دوران دو کاروں سے 232کلو گرام چھالیہ برآمد کر کے تین ملزمان حیات خان ،جاوید اور محمد حیات کو گرفتار کرلیا۔الفلاح پولیس نے تین اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کر کے غیر قانونی اسلحہ،موبائل فونز،کیش اور موٹر سائیکل برآمدکرلی۔گلشن معمار پولیس نے ایک منشیات فروش کو گرفتار کر کے منشیات برآمد کرلی۔