عمران خان سے نجات حاصل کیے بغیر ترقی ممکن نہیں،مفتاح اسماعیل

188

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق وفاقی وزیر خزانہ اور حلقہ این اے 249سے مسلم لیگ (ن)کے امیدوار مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان سے نجات حاصل کیے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے،حلقے میں انتخابات ملتوی کرنے کا وہی لوگ کہہ رہے ہیں جنہوںنے یہاں پر کوئی کام نہیں کیا ہے۔این اے 249میں ہماری فتح ہونے جارہی ہے،میاں نواز شریف کا بیانیہ یہاں بہت مقبول ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو جمعیت علماء اسلام (س) کے وفد سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جے یو آئی (س)کے رہنما حافظ احمد علی نے مفتاح اسماعیل کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ علاقہ جنگل سے بھی بدتر ہے۔اس حلقے سے ہمار ی جماعت 2002ء میں کامیاب ہوئی تھی۔امید ہے کہ مفتاح اسماعیل کامیابی کے بعد حلقے کے عوام کا معیار زندگی بدلنے کے لیے سنجیدہ کوشش کریں گے۔مسلم لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل نے غیر مشروط حمایت پر جمعیت علماء اسلام (س)کے رہنماؤں شکریہ ادا کیا۔