شیعہ لاپتا افراد کے اہل خانہ ،بچوں کا گورنر ہاؤس کے باہر مظاہرہ

355

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسن کے رہنما اور لاپتا افراد کے اہل خانہ بالخصوص معصوم بچوں کی جانب سے گورنر ہاؤس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاجی مظاہرے میں شیعہ لاپتا افراد کے بچوں و خواتین نے گورنر ہاؤس کے راستوں پر رکھی رکاوٹیں ہٹاکر گور نر ہاؤس کے گیٹ سامنے پر امن طریقے سے پہنچ کر علامتی دھرنا دیا۔ اس موقع پراحتجاج میں شیعہ لاپتا افراد کے بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ معصوم بچوں نے اپنے آپ کو نمائشی زنجیروں میں جکڑا ہوا تھا اس کے علاوہ صدر،وزیر اعظم،آرمی چیف،گورنر کی تصاویریں پلے کارڈز لیے ہوئے تھے جس پر معصوم بچوں نے اپنے پیاروں کی بازیابی کا مطالبہ لکھا ہوا تھا، مظاہرین نعرے بازی کر رہے تھے۔اس موقع پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنما علامہ ہادی ولایتی، علامہ روح اللہ حسینی، عباس جعفری سمیت لاپتا افراد کے اہل خانہ نے خطاب کیا۔علامہ روح اللہ حسینی کا مظاہرین سے خطاب میں کہنا تھا کہ اپنے بچوں کو لیکر اپنے پیاروں کی بازیابی کیلیے پر امن احتجاج کرنے گورنر ہاؤس آئے ہیں، مزار قائد پر 19 دن شیعہ لاپتا افراد کے اہل خانہ دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ یہ احتجاج جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے پروگرام کا حصہ تھااحتجاج کے اگلے مرحلے میں وفاقی وزرا اور صدر پاکستان کے گھروں کا گھیراؤ کریں گے۔