سعد رضوی پر 210 مقدمات ہیں ،رہا نہیں کرسکتے ،شیخ رشید

310
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی پر210 مقدمات ہیں ، رہا نہیں کرسکتے، انہیں قانونی عمل سے گزرنا ہوگا۔بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں ٹی ایل پی نے کسی کی رہائی کی بات بھی نہیں کی، ٹی ایل پی کالعدم قرار دیے جانے کے خلاف 30 روز اپیل کرسکتی ہے۔شیخ رشید نے بتایا کہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے مذاکرات کامشور ہ دیا جس پران کا شکرگزارر ہوں لیکن مولانا فضل الرحمن نے سمجھا کہ شاید ان کی لاٹری نکل آئی ہے، جو بھی کرتے ہیں ان کو الٹا پڑتاہے، 20 اپریل کو 7 گھنٹے ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات کے بعد معاملات طے پا گئے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے قومی اسمبلی میں غلط الفاظ استعمال کیے، ان کے رویے سے لگتا نہیں کہ وزیراعظم رہے ہیں، ان کی سیاسی زندگی میں یہ بدترین زبان تھی۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایسا قانون لاناچاہتے ہیں جو کسی کے فرقے کو چھیڑے نہیں اور اپنا فرقہ چھوڑے نہیں، محرم، عید میلاد النبی سمیت تمام ایونٹ پر مسائل پیدا ہوتے ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان کے استحکام کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی،بھارت اور دیگر امن دشمن ممالک ہمیں فیٹف کے بلیک لسٹ میں دیکھنا چاہتے ہیں، کوشش کریں گے کوئی ایک پالیسی لائیں، جو شخص قانون کو ہاتھ میں لے گا قانون اسے ہاتھ میں لے گا۔انہوں نے بتایا کہ برطانوی ہائی کمشنر سے کہا ہے کہ نوازشریف کو پاکستان ڈی پورٹ کردیں اور انہیں ریڈ لسٹ میں شامل کریں،برطانیہ نے کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔