کورونا سے مزید 147 جاں بحق،بڑے شہروں میں لاک ڈائون کا انتباہ ،جمعہ سے نئی پابندیوں کا اعلان

293

اسلام آباد/ کراچی/ کوئٹہ (نمائندہ جسارت/ اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میںکورونا سے مزید147 افرادجاں بحق اور5499 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے‘ وفاقی حکومت نے بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن کا انتباہ دیتے ہوئے جمعے سے نئی پابندیوں کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر منصوبہ، ترقی اصلاحات وخصوصی اقدامات ونیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث جمعے سے نئی بندشوں کا آغاز کریں گے جبکہ کچھ بڑے شہر بند کرنے پڑ سکتے ہیں‘ صورتحال اچھی نظر نہیں آرہی‘ گزشتہ سال قوم نے ایس او پیز پر عمل کیا‘ اس مرتبہ عمل نہیں ہو رہا اور حفاظتی تدابیر دیکھنے میں نہیں آرہیںجبکہ انتظامیہ بھی کارروائی نہیں کر رہی‘کراچی میں کورونا کیسز کی شرح 13 فیصد اور حیدرآباد میں 14 فیصد ہے‘ اسپتال جانے والے مریضوں کی تعداد 600 سے زیادہ ہوگئی ہے‘ آکسیجن پر مریضوں کی تعداد 4500 سے تجاوز کرگئی ہے‘ ہمارا رواں ہفتہ انتہائی خطرناک ہے، پاکستان میں وبا کے آغاز سے اب تک اس ہفتے ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ این سی او سی میں مزید کچھ فیصلے کیے جنہیں صوبوں سے شیئر کریں گے اور جمعے کو ان فیصلوں کا اعلان کریں گے، جن میں مزید بندشیں بڑھانا پڑیں گی کیونکہ جس طرح اس وقت وبا کا پھیلاؤ ہے‘ اگر اس وبا کا زور فوری نہیں توڑا تو بڑے شہر بند کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہوگا‘ قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ سنجیدگی دکھائیں‘ ہمارے پاس آخری موقع ہے‘ ابھی بڑے شہر بند نہیں کر رہے لیکن ہمارے پاس چند دنوں کی گنجائش ہے‘ اگر قوم کی جانب سے زیادہ سنجیدگی اور تعاون نظر آیا‘ انتظامیہ نے کردار ادا کیا تو امید ہے کہ یہ اقدام نہ اٹھانا پڑے بصورت دیگر بڑے شہر بند کرنے کے سوا کوئی راستہ نہ ہوگا۔ عالمی سطح پر کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 499 کیسز سامنے آئے ہیں‘ مزید 148 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے‘ اس بیماری سے 5 ہزار 488 مریض شفایاب ہو گئے‘ مجموعی ہلاکتیں 16 ہزار 600 ہو گئیں‘ کُل متاثرین کی تعداد 7 لاکھ 72 ہزار381 ہو چکی۔ 24 گھنٹے میں مزید 47 ہزار 301 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کُل ایک کروڑ 13 لاکھ 19 ہزار 832 ٹیسٹ کیے جا چکے۔ فعال کیسز کی تعداد 83 ہزار 162 ہوچکی ہے، جن میں سے 4 ہزار 528 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ6 لاکھ 72 ہزار 619 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔ کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث کراچی کے ضلع کیماڑی کے 3 سب ڈویژن میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن7 یوسیز کی 8 گلیوں میں لگایاگیا ہے جو 21 اپریل سے 4 مئی تک جاری رہے گا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی سفارش پر کیماڑی، سائٹ اور بلدیہ کے مختلف علاقوں اور رہائشی یونٹس میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جہاں کورونا کے 10مریض موجود ہیں۔ کوئٹہ میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث بیوٹمز یونیورسٹی 23 مئی تک بند کردی گئی ہے اور اس دوران تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ یونیورسٹی کے زیر انتظام فائنل امتحانات 24 مئی سے شروع ہوں گے جب کہ یونیورسٹی کے انتظامی دفاتر 30 اپریل تک مکمل طور پر بند رہیں گے۔