پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے زمبابوے کو 11 رنز سے شکست دیدی

257

ہرارے: تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیچنل میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 11 رنز سے شکست دیدی۔

ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن مکمل ناکام ہوئی تاہم محمد رضوان کے 82 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 149 رنز بنانے میں کامیاب رہی جس کے جواب میں میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 138 رنز بناسکی۔

قبل ازیں زمبابوے نے ہرارے اسپورٹس کلب میں ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا۔ محمد رضوان نے ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد  سے 82 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے فخرزمان اور دانش عزیز نے 15،15 رنز بنائے۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے۔

زمبابوے کے ویزلی مدھیویرے اور لیوک جونگوے نے دو، دووکٹیں حاصل کیں جب کہ رچرڈ این گراوا اور بلیسنگ موزارابانی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

زمبابوے کی جانب سے تناشے کمن ہکاموے اور ویزلے میڈھویرے نے اننگز کا آغاز کیا، میڈھویرے نے جارحانہ آغاز کیا تاہم وہ 14 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے جس کے بعد اپنا پہلا میچ کھیلنے والے تدی وانشے مرومانی کریز پر آئے اور پہلی ہی گیند پر اپنی وکٹ گنوا دی۔

تناشے کمن ہکاموے اور کریگ ارون کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 56 رنز کی اہم شراکت قائم کی، اس موقع پر محمد حفیظ نے کمن ہکاموے کو آؤت کرنے اس شراکت کا خاتمہ کیا، وہ 29 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور اگلے ہی اوور میں ارون کی ہمت بھی 34 رنز پر جواب دے گئی، اور اس طرظ زمبابوے کی ٹیم مقررہ اوورز میں 138 رنز ہی بناسکی۔

قومی ٹیم کی جانب سے عثمان قادر نے 3، محمد حسنین 2 جب کہ محمد حفیظ اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کو تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔