حکومت کا بڑے شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا عندیہ

352

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) میں بندش سے متعلق فیصلے کیے ہیں، آخری موقع ہے، کئی ہفتوں سے وارننگ دے رہے ہیں۔

این سی او سی اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ این سی او سی میں کیے گئے فیصلے صوبوں کے ساتھ شیئر کریں گے۔ ایک یا دو دن یا ممکنہ طور پر جمعہ کو فیصلوں کا اعلان کردیں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ آخری موقع ہے، کئی ہفتوں سے وارننگ دے رہے ہیں کہ کس طرف معاملات جا رہے ہیں۔ ابھی بڑے شہر بند نہیں کر رہے ہیں، صرف چند دن کی گنجائش رہ گئی ہے۔ قوم نے سنجیدگی دکھائی اور انتظامیہ نے کردار ادا کیا تو امید ہے یہ قدم نہیں اٹھانا پڑے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کوششوں سے کورونا کے پھیلاؤ کو قدرے کچھ کم کیا اب دوبارہ کیسز میں  تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں اور ان پر کارروائیاں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں کورونا کا پھیلاؤ  بڑھ رہا ہے۔ کورونا کی شرح مردان میں 33، پشاور 26، بہاول پور 38 فیصد ہے۔ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا فعال کیسز کی تعداد 83 ہزار سے زائد تھی۔ ملک بھرمیں کورونا صورتحال اچھی نظر نہیں آرہی۔

اسد عمر نے کہا کہ وزرائے اعلیٰ انتظامیہ کے ساتھ بیٹھیں اور عوام سے براہ راست بات کریں۔ آپ ووٹ لے کر آئے ہیں، لوگ آپ کی بات سنیں گے۔ کورونا کی روک تھام کے لیے سنجیدگی کی اشد ضرورت ہے ورنہ حکومت کو سخت فیصلے کرنا پڑیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسپتالوں میں آکسیجن فراہم کرنے کی صلاحیت 90 فیصد استعمال ہورہی ہے۔ کورونا کیسز میں اضافے کے باعث اسپتالوں پر دباؤ ہے۔