طاقتور اور شوگر مافیا قانون کے تابع نہیں آنا چاہتے: وزیراعظم

244

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک میں طاقتور قانون کے تابع نہیں آنا چاہتا۔ وہ پی ڈی ایم جیسے الائنسز کرتا ہے۔ ان کا مقصد صرف ایک ہے کہ ہمیں قانون کے نیچے نہ رکھیں۔

نوشہرہ میں جلوزئی ہاؤسنگ اسکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں لوگوں کو قانون کی بالادستی کی سمجھ نہیں آرہی۔ قانون کی بالادستی کا مطلب ہے طاقتور کو قانون کے نیچے لانا۔ کمزور اور طاقتور کے لیے ایک ہی قانون ہونا چاہیے۔ بنانا ری پبلک میں طاقتور کے لیے الگ قانون ہوتاہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ شوگر مافیا بھی قانون کے تابع نہیں آنا چاہتا۔ شوگر مافیا کو بھی کچھ کہیں تو سمجھتے ہیں ہم کوئی خاص لوگ ہیں۔ شوگر مافیا لوگوں کو مہنگی چینی بیچتے ہیں اورٹیکس نہیں دیتے۔ شوگرمافیا مہنگی چینی بیچ کر منافع کما رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ کمزور طبقے کی ضروریات پوری کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ پورے ملک میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ شروع کیا۔ ہر گھر پر حکومت نے 3 لاکھ روپے سبسڈی دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ جلوزئی میں منصوبے سے کم آمدنی والے طبقے کو گھر میسر آسکے گا۔ ہم نےپوری کوشش کی ہے سرکاری زمین پر سستے گھر بنیں۔ گھر کے قرضے پر صرف تین فیصد سود دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ بینکوں سے معاہدہ کیا ہے کہ شرح منافع 3 فیصد ہو۔ ہاؤسنگ منصوبے میں دیر اس لیے ہوئی کہ بینک قرضے دینے کو تیار نہیں تھے۔ قانون گیارہ سال سے عدالت میں پھنساہواتھا۔