پاکستان اسٹاک: 70 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ

445

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میںایک روزہ شدید مندی کے بعد منگل کوکاروبار حصص میں ریکوری آئی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے حصص کی پرکشش قیمتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھرپور خریداری کے باعث تیزی کا رجحان غالب رہا جس کے نتیجے میںکے ایس ای100انڈیکس 45 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی اور انڈیکس 486.21 پوائنٹس کے اضافے سے 45399.78 پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا جب کہ 69.82 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میںاضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے سبب مارکیٹ کے مجموعی سرمائے میں 84ارب 76کروڑ5لاکھ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم پیرکی نسبت 5.45 فی صدکم رہا۔ گزشتہ روز ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی مثبت رجحان دیکھنے میں آیااور ملک میں امن وامان کے حوالے سے جاری کشیدگی میں کمی آنے کے باعث سرمایہ کاروں نے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی بھرپور خریداری کی جس کے نتیجے میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس دوران ٹریڈنگ 45ہزار کی نفسیاتی حد بحال کرتے ہوئے 45557.17 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیابعد ازاں پرافٹ ٹیکنگ رجحان کے سبب مذکورہ سطح برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان کاروبار کے اختتام تک برقرار رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس486.21پوائنٹس کے اضافے سے 45399.78 پوائنٹس کی سطح پربند ہواجب کہ کے ایس ای30انڈیکس 170پوائنٹس کے اضافے سے18532.90پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس332.51پوائنٹس کے اضافے سے 30863.37پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔ گزشتہ روز مجموعی طور پر401کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں 280کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 102میں کمی اور 19 میں استحکام رہا۔منگل کو مارکیٹ میں 34 کروڑ 32 لاکھ 81ہزار979حصص کے سودے ہوئے جبکہ گزشتہ روز پیر کو 36 کروڑ 30 لاکھ 97 ہزار 593 شیئرزکا کاروبار ہوا تھا۔ تیزی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت84ارب 76 کروڑ 5 لاکھ 89 ہزار896 روپے بڑھ کر 79 کھرب 36 ارب 39 کروڑ42لاکھ60ہزار645 روپے ہوگیا۔