زمبابوے کیخلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی آج ، غلطی کی گنجائش نہیں ، مصباح

191

ہرارے(جسارت نیوز) پاکستان اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلا جائے گا۔ قومی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقا کے کامیاب دورے کے بعد بابر اعظم کی قیادت میں زمبابوے پہنچ چکی ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف 3 ٹی 20 انٹرنیشنل اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 21 اپریل، دوسرا میچ 23 اپریل جبکہ تیسرا اور آخری میچ 25 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 29 اپریل سے 3 مئی جبکہ دوسرا ٹیسٹ 7 سے 11 مئی تک کھیلا جائے گا۔ دورہ میں شامل تمام میچز ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ میزبان ٹیم سین ولیمز کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔دوسری طرف قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ جنوبی افریقا کیخلاف سیریز سے اعتماد میں اضافہ ہوا، کسی بھی بڑی ٹیم کو اسی کی سرزمین پر ہرانے سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوتا ہے، جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کرینگے،زمبابوے جیسی ٹیموں کیخلاف پرفارمنس کا زیادہ دبائو ہوتا ہے، لوگوں کی توقعات زیادہ ہوتی ہیں، زمبابوے کے پاس گنوانے کو کچھ نہیں،میزبان ٹیم اپنی کنڈیشنز سے آگاہ اور موقع کی تلاش میں ہوگی، ذرا سی غلطی ہمارے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہے، کنڈیشنز جنوبی افریقا سے مختلف اور پاکستان سے ملتی جلتی ہوں گی مگر بائونس ہوم پچز سے تھوڑا زیادہ ہوسکتا ہے، پرفارمرز کیلیے عمدہ کھیل کا مظاہرہ جاری رکھنے جبکہ نئے لڑکوں کیلیے کچھ کر دکھانے کا موقع ہے، میچ جیتنا سب سے اہم ہے، ہارجائیں تو لوگ باتیں کرتے ہیں، ایک دم ساری تبدیلیاں نہیں کرسکتے، روٹیشن پالیسی بنائیں گے،نئے لڑکوں کو مواقع تو دینگے مگرمتوازن کمبی نیشن بھی بنانا بھی اہم ہے، لوگوں کو شاہین آفریدی کے ورک لوڈ کی فکر نہیں کرنا چاہیے، ہماری نظر ہے جہاں ضرورت ہوِئی آرام دینگے، ٹیم میں کئی نئے چہرے شامل ہیں، ان کو مواقع دے کر مستقبل کیلیے تیار کیا جاسکتا ہے مگر یہی پلیئرز پول نہیں، پی ایس ایل پرفارمرز میں سے بھی کسی کی ضرورت ہوئی تو دیکھیں گے، ایک یا دو تو ضرور آئیں گے۔ بھارت میں ٹاپ 6 کو اسپن بولنگ پر کارکردگی میں بہتری لانا ہے، سلو بولرز کا کردار بھی اہم ہیں، ان مسائل پر قابو پایا تو ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی ہوگی، اب 200رنز معمول کی بات ہیں،بدقسمتی سے ہمارے پاور ہٹرز توقعات پر پورا نہیں اترے، مواقع دے رہے ہیں،ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک اور پی ایس ایل پرفارمنس کے باوجود بعض کرکٹرز انٹرنیشنل کرکٹ میں توقعات پر پورا نہیں اترسکے، دورہ انگلینڈ تک ورلڈکپ اسلکواڈ کا حتمی فیصلہ ہوجانا چاہیے، شعیب ملک کے سوال پر انہوں نے کہا کہ میں چیف سلیکٹر نہیں، موقع آنے پر مل بیٹھ کر آپشنز پر غور کرینگے۔