پنگریو ،خودکشی کے بڑھتے واقعات کے تناظر میں سیمینار کا انعقاد

188

پنگریو( نمائندہ جسارت)ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد رینج اور ایس ایس پی بدین کی ہدایات پر خودکشیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کے تناظر میں گلاب لغاری میں ایک روزہ آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ میں خودکشیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کے تناظر میں ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج شرجیل کریم اور ایس ایس پی بدین شبیر احمد سیٹھار کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ گلاب لغاری کی جانب سے گلاب لغاری میں ایک روزہ آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں گلاب لغاری شہر کی سماجی شخصیات، صحافیوں، ڈاکٹرز ، طلباء￿ سمیت ہر مکتب فکر کے افراد نے شرکت کی۔ایک روزہ آگاہی سیمینار سے ایس ڈی پی او ماتلی خالد بلوچ رستمانی ، ایس ایچ او تھانہ گلاب لغاری سب انسپکٹر فیاض علی برڑو، ڈاکٹر گل محمد ایم ایس ٹنڈو غلام علی، ڈاکٹر پارو مل میڈیکل آفیسر ، پروفیسر عمران عظیم سومرو ، کریم بخش لغاری ،سلیم لغاری اور تگیو مل نے خطاب کیا۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خودکشی کرنا کسی بھی مذہب میں جائز نہیں اور خودکشی کرنے والا دونوں جہاں میں رسوا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو کوئی پریشانی ہے یا وہ خودکشی پر مجبور ہوتا ہے یا خودکشی کا ارادا رکھتا ہے تو وہ اپنی ہمت اور حوصلہ نہ ہارے ، زندگی کی اس جنگ میں اکیلا نہ لڑیں اور بلاتاخیر اپنے رشتے داروں ، عزیز و اقارب، ڈاکٹرز ، فلاحی تنظیم اور اچھی سوچ کے حامل افراد سے رابطہ کریں اور اپنی پریشانی اور اپنے مسائل انہیں بتائیں اور دوبارہ جینے کا حوصلہ پیدا کریں۔مقررین نے کہا کہ خودکشی کی بڑھتی ہوئی وجوہات تعلیم کی کمی اور جہالت ہے جس سے لوگ ڈپریشن کا شکار ہوکر خودکشی کی طرف مائل ہوتے ہیں۔تقریب کے دوران مقامی غیر سرکاری تنظیم اور ذمے داران شہریوں نے کہا کہ پولیس کا یہ اچھا اقدام ہے جو خودکشی کے بڑھتے ہوئے رجحان کو کم کرنے کے لیے سیمینارز کا انعقاد کررہی ہے اور جلد ہی خودکشیوں کے حوالے سے آگاہی مہم اور مقامی سطح پرمزید سیمینار منعقد کروائے جائیں گے۔