تھیلیسیمیا کے مریضوں کو بلامعاوضہ خدمات فراہم کررہے ہیں،ڈاکٹر نعیم

311

سکھر(وقائع نگار خصوصی) سکھر بلڈ اینڈ ڈرگز ڈونیٹنگ سوسائٹی کے زیرانتظام سکھر اسپتال / سکھر بلڈ بینک پورے ’ ’اپر سندھ ‘‘ میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے والاواحد اور منفرد ادارہ بن چکا ہے ۔ اسپتال کی سب سے خاص بات گزشتہ تیس سالوں سے تھیلیسیمیا کے مریضوں کو بلامعاوضہ علاج معالجے کی فراہمی ہے ۔ بیماری سے متاثرہ آٹھ سو سے زائد بچے مستفید ہو رہے ہیں ۔ اسپتال پور ے ریجن میں انفرادی اہمیت کا حامل ہے، مختلف امراض کے علاج کے ساتھ ساتھ حال ہی میں نیورو سرجری کے شعبے نے بھی کام کا آغاز کر دیا ہے، اسپتال میں نوزائیدہ بچوں کے حوالے سے بہترین سیٹ اپ موجود ہے، نرسری میں 30 انکیوبیٹر انسٹال اورہمہ وقت بچوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹرز اور عملہ موجود رہتا ہے ، جدید آلات سے آراستہ لیب، اسکرین شدہ خون کی منتقلی، ایمبولنس اور آئوٹ ریچ سروس اسپتال کا خاصہ ہیں، صالح پٹ میں میٹرنل اینڈچائلڈ ہیلتھ سینٹر کا قیام ، اسپتال انتظامیہ کی مخلصانہ کاوشوں کا مظہر ہے۔ جو لوگ مختلف وجوہات کی بنا پر سرکاری اسپتال جانا نہیں چاہتے اور پرائیویٹ افورڈ نہیں کرسکتے ان کے لیے سکھر اسپتال ایک بہترین چوائس ہے ۔سکھر اسپتال اور بلڈ بینک کے قیام اور جاری وساری رہنے کے عمل میں سول سوسائٹی ، بیوروکریسی ، سیاسی و سماجی شخصیات اور خون کے عطیات فراہم کرنے والوں کا تعاون مثالی رہا ہے۔ اسپتال کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سکھر اسپتال ڈاکٹر محمد نعیم کا کہنا تھا کہ ہر روز لوگوں کی ایک بڑی تعداد سکھر اسپتال کا رخ کرتی ہے ، ہماری کوشش ہے کہ عوام کوصحت کے حوالے سے علاج معالجے کی زیادہ سے زیادہ سہولیات دستیاب ہو ں، مخیر حضرات اور اداروں کا تعاون اسپتال کی توسیع میں کلیدی حیثیت کا حامل ہے ، امید ہے اسپتال کی استعداد کار کو بڑھانے میں ہمیں مطلوبہ مالی معا و نت حاصل رہے گی۔