جھڈو ،احساس کفالت سینٹرز پر ڈیوائس ایجنٹ مافیا راج

358

 

جھڈو(نمائندہ جسارت) جھڈو میں احساس کفالت سینٹرز پر ڈیوائس ایجنٹ مافیا کا راج ، ڈیوائس ایجنٹ غیر قانونی طور پر مستحق خواتین سے فی کارڈ پر 500 سو روپے سے 1000 روپے کی ناجائز طور پر کٹوتی کررہے ہیں، احساس کفالت سینٹرز پر انتظامیہ کا کوئی وجود نظر نہیں آتا،جھڈو کی صغیر کالونی کے گورنمنٹ پرائمری اسکول میں قائم احساس کفالت سینٹر میں ڈیوائس ایجنٹوں اور مافیا کا مکمل راج جاری ہے ، ڈیوائس ایجنٹ اور مافیا کے کارندے احساس کفالت سینٹر جھڈو میں مستحق خواتین کے لیے آ نے والی رقوم میں سے خواتین سے فی شناختی کارڈ پر زبردستی 500 سے 1000 روپے کی غیر قانونی اور ناجائز طور پر کٹوتی کررہے ہیں، جبکہ احساس کفالت سینٹرز میں جاری سر عام کرپشن پر جھڈو کی تعلقہ انتظامیہ مکمل طور پر غائب ہے، ناجائز کٹوتی کرنے کے خلاف احتجاج کر نے والی مستحق خواتین کو ڈیوائس ایجنٹوں کی جانب سے دانستہ طور پر تاخیری حربے اختیار کرکے ڈیوائس پر سگنل نہ ہونے کا بہانہ بنا کر رقوم دینے سے گریز کرے پریشان کیا جارہا ہے جبکہ انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے احساس کفالت سینٹر پر خواتین کے رش کی وجہ سے کورونا وائرس ایس او پیز پر بھی کسی قسم کا عملدرآمد نہیں کیا جا رہا اور کھلے عام کورونا ایس او پیز کی دھجیاں اڑا ئی جارہی ہیں،اس ساری صورتحال میں جھڈو کی تعلقہ انتظامیہ مکمل طور پر لاتعلقی اختیار کیے ہوئے ہے، ناجائز کٹوتی اور انتظامیہ کی لاتعلقی کی وجہ سے ہزاروں مستحق خواتین کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، متاثرہ خواتین نے اعلی حکام سے احساس کفالت سینٹرز پر جاری کرپشن کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔