ابو ظبی،تہران (خبر ایجنسیاں ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ طالبان اپنے فیصلے خود کرتے ہیں لیکن پاکستا ن انہیں آمادہ کر نے کی ہر کوشش کر یگا ، افغان عمل کا حصہ بنے رہنے میں طالبان کا قومی مفاد ہے۔ ابو ظبی میں غیر ملکی خبر رساں کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ طالبان غیر ملکی افواج کے انخلاء کے مقصد میںبڑی حد تک کامیاب ہو گئے ہیں ،افغانستان سے غیر ملکی فو جیوں کا انخلاء ہو گا جس کیلیے تاریخ دی گئی ہے غیر ملکی فوجیوں کا انخلاء 11ستمبر تک جاری رہے گا ، افغان امن عمل تعطل کا شکار رہا تو افغانستان میں تشدد مزید بڑھ سکتا ہے ، پا کستان نے افغانستان کے ساتھ باڑ کا کام 90 فیصد مکمل کر لیا ہے، جو ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا ۔علاوہ ازیںوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تین روزہ سرکاری دورے پر منگل کو ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے۔ امام خمینی انٹرنیشنل ائر پورٹ پہنچنے پر ایرانی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل و ایرانی وزیر خارجہ کے مشیر سید رسول موسوی، ایران میں تعینات پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی اور تہران میں واقع پاکستانی سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔وزیر خارجہ اپنے تین روزہ دورہ ایران کے دوران، ایران کے صدر حسن روحانی، وزیر خارجہ جواد ظریف سمیت اعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے،ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعاون، پاکستان اور ایران کے مابین اقتصادی روابط کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
















