آباد کے تعاون سے تعمیر کیے گئے پہلے ماڈل پولیس اسٹیشن کا افتتاح

157

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے تعاون سے تعمیر کیے گئے ایسٹ زون میں پہلے ماڈل پولیس اسٹیشن فیروز آباد کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں آباد کے چیئرمین فیاض الیاس، ،وائس چیئرمین عارف شیخانی،سدرن ریجن کے چیئرمین دانش بن رئوف، سابق چیئرمین محمد حسن بخشی ،سابق سینئر وائس چیئرمین انور او کے،آباد کی لا اینڈ آرڈر پر سب کمیٹی کے کنوینر اور آباد سدرن ریجن کے سابق چیئرمین آصف سم سم، آباد کے سابق سینئر وائس چیئرمین سہیل ورنداور آباد کے ارکان اورپولیس افسران کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔اس موقع پر چیئرمین آباد فیاض الیاس نے کہا کہ آباد تعمیراتی شعبے کی ترقی کے ساتھ ساتھ اپنی سماجی ذمے داریاں بھی احسن طریقے سے انجام دے رہی ہے۔ آباد کی جانب سے ماڈل پولیس اسٹیشن فیروزآباد کی تعمیر بھی سماجی ذمے داریوں میں سے ایک ہے۔فیاض الیاس نے کہا کہ کراچی جیسے میگا سٹی میں امن وامان کی فضا قائم رکھنے میںمحکمہ پولیس نے بڑی قربانیاں دی ہیں، کراچی کے شہریوں کے تحفظ کے لیے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے پولیس کے جوانوں نے اپنی زندگی کے نذرانے دیے ہیں۔ تاہم یہ افسوس ناک امر ہے کہ دہشت گردی سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کراچی پولیس مناسب ٹیکنالوجی اور تھانوں کی بہترین عمارتوں سے محروم ہے۔اسی سلسلے میں آباد نے ماڈل پولیس اسٹیشن کے قیام میں بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ آباد مستقبل میں بھی اپنی ذمے داریاں ادا کرتی رہے گی۔ اس موقع پر کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے کہا کہ ماڈل پولیس اسٹیشن کے قیام کا مقصد عوام کو ایک بہتر ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ محکمہ پولیس کی جانب سے ایک اچھا تاثر بھی پیش کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل میں شہریوں کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔کراچی پولیس چیف نے ماڈل پولیس اسٹیشن فیروز آباد کی تعمیر میں بھرپور کردار ادا کرنے پر آباد سے تشکر کا اظہار کیا ۔