لاپتا افراد کیس، عدالت چیئرمین نادرا اور پولیس پر برہم شوکاز جاری

127

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں 2 سگے بھائیوں سمیت درجنوں لاپتا افراد کے کیسز کی سماعت، عدالت نے چیئرمین نادرا کو شو کاز نوٹس جاری کردیا۔ دوران سماعت سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا شہری امین کی عدم بازیابی پر سخت برہمی کا اظہار کیا، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مارچ میں شہری کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دیا تھا ابھی تک نادرا نے شناختی کارڈ بلاک نہیں کیا، جس پر عدالت نے چیئرمین نادرا کو شو کاز نوٹس جاری کردیا اور چیئرمین نادرا کو خود پیش ہو کر وضاحت کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے ناقص تفتیش پر پولیس حکام پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایک پیج کی پیش رفت رپورٹ لائے ہیں، 6 سال کا عرصہ گزر چکا لیکن کوئی پیش رفت نہیں، عدالت نے وزارت داخلہ سے پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فوکل پرسن وزارت داخلہ کو پیش ہونے کی ہدایت کی۔ عدالت نے اسٹیٹ بینک کو لاپتا امین کا اکاؤنٹ منجمد کرنے کا بھی حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہری کی ٹریول ہسٹری بھی جمع کروائی جائے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 اپریل کے لیے ملتوی کردی