وزیراعلیٰ سندھ نے بلدیاتی اداروں کیلیے 17.7 ارب روپے کی منظوری دیدی

145

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے بلدیاتی اداروں کے لیے 8 اسنارکلز ، فائر ٹینڈرز ، رفیوز ٹرک ، ٹریکرز اور ٹرالیوں کی خریداری کے لیے 17.7 ارب روپے کی منظوری دی۔انہوں نے یہ فیصلہ گزشتہ روزوزیراعلیٰ ہائوس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں وزیر بلدیات ناصر شاہ ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب ، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو،سیکرٹری خزانہ حسن نقوی،سیکرٹری بلدیات نجم شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ بلدیات نے اونچی عمارتوں میں آگ بجھانے کے لیے8 اسنارکلز خریدنے کی تجویز پیش کی۔ وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ 35 میٹر لمبی 8اسنارکلز ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے لیے خریدی جائیں گی،جس میں3 کراچی ، حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ، نواب شاہ ، سکھر ، میرپورخاص اور لاڑکانہ ڈویژن کے لیے ایک ایک خریدی جائے گی۔وزیر بلدیات نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ اسنارکلز کی خریداری کے لیے ٹینڈرز کا عمل شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے لیے اسنارکلز کی ضرورت تھی، اس پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 1.5 ارب روپے کی رقم آئندہ مالی سال میں دستیاب ہوجائے گی۔وزیر بلدیات نے اجلاس کو بتایا کہ میونسپل کمیٹیوں کو اپنے اپنے علاقوں سے کچرا اپنے لینڈ فل سائٹوں تک پہنچانا ہے لہٰذا 102 ٹریکٹرز اور ٹرالیوں کی ضرورت ہے، اس خریداری پر 4.1 ارب روپے لاگت آئے گی۔وزیراعلیٰ نے اصولی طور پر اس تجویز کی منظوری دی اور محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ رقم آئندہ مالی سال کے آغاز میں دستیاب کردی جائے۔محکمہ بلدیات نے مختلف میونسپل کمیٹیوں کے لیے 89 فائر ٹینڈرز کی خریداری کے لیے ایک اور اسکیم پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر میونسپل کمیٹیوں کو فائر فائٹنگ کے لیے فائر ٹینڈرز کی ضرورت ہے۔وزیر اعلیٰ نے صوبے میں میونسپل کمیٹیوں کو فراہم کردہ 89 فائر ٹینڈرز کی خریداری کیلیے 2.8 ارب روپے کی منظوری دی۔