سرمایہ کاری کے فروغ کیلیے سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں، جام کمال

105

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت پی ایس ڈی پی 22-2021ء کیلیے محکمہ انڈسٹریز اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کی مجوزہ ترقیاتی اسکیموں اور ان پر تجاویز سے متعلق اجلاس، محکمہ صنعت و حرفت اور داخلہ کی نئے مالی سال کیلیے مجوزہ ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کیلیے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ جام کمال خان نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلیے کاروبار میں سہولت کی فراہمی کا منصوبہ بنایا جائے، کوئٹہ کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، مزید انڈسٹری کے قیام کیلیے شہر کی حدود سے باہر جگہ کا انتخاب کیا جائے۔ وزیراعلی نے تمام کارپیٹ سینٹرز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلیے پی سی ون تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے موجودہ زیر تعمیر ماربل سٹیز کی توسیع کے منصوبے کو نئی پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں ہینڈی کرافٹ کے شعبے میں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ہینڈ میڈ کارپٹ انڈسٹری کی بحالی کا جامع پلان بنایا جائے، انہوں نے اسکل ڈیولپمنٹ کے منصوبوں پر کام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور لیویز فورس کو مزید مستحکم کرنے کیلیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں اور ماڈرن پولیسنگ اور ہولسٹک سیکورٹی پلاننگ کیلیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے۔