فلسطینیوں پر دباؤ لاوے کی طرح پھٹ سکتا ہے‘ امام اقصیٰ

267
مقبوضہ بیت المقدس: فلسطینی مسجد اقصیٰ میں نمازِ تراویح ادا کررہے ہیں‘ شیخ عکرمہ صبری پابندی کا اسرائیلی نوٹس دکھا رہے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب شیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینی نمازیوں اور روزہ داروں پر مسجد اقصٰی میں داخلے پرپابندیاں ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں پر صہیونی دبائو برقرار رہا تو وہ آتش فشاں بن کر پھٹ سکتے ہیں اور اس کی تمام تر ذمے داری اسرائیل پرعائد ہوگی۔ شیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ صہیونی ریاست کے غرور میں اضافہ ہوتا ہے، جب کہ دوسری طرف بیت المقدس کے باشندوں کی ثابت قدمی بڑھتی جارہی ہے۔ فلسطینی شہری مسجد اقصیٰ کے دفاع اور اپنے حقوق کے حصول کے لیے زیادہ مؤثر طریقے سے کوششیںکرتے ہیں۔ قابض حکام کی جانب سے ان کے حوصلے پست کرنے کی تمام سازشیں ناکام رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو ماہ صیام کے موقع پر مسجد اقصیٰ میں داخلے اور عبادت سے روکناسازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے مسجد اقصیٰ کے لائوڈ اسپیکروں کی تاریں کاٹنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی ریاست قبلہ اول میں نمازیوں کی آمدو رفت اور عبادت کو اپنے لیے خطرہ سمجھتی ہے۔