چینی صدر کی تمام ممالک کو منصوبے میں شمولیت کی دعوت

265
ہائی نان: چینی صدر شی جن پنگ ’’بو آؤ ایشیائی فورم2021ء‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین ایشیا کے ساتھ مل کر آگے بڑھ رہا ہے اور دنیا کے ساتھ ترقی کررہا ہے۔ صوبہ ہائی نان کے قصبے ہو اؤ میں منعقدہ بو آؤ ایشیائی فورم 2021 سالانہ اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں کوئی بھی ملک شامل ہوسکتا ہے۔ 20 برس میں ایشیائی ممالک میں علاقائی اقتصادی یکجہتی اور اقتصادی و سماجی ترقی کو فروغ دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے ایشیا نے عالمی معیشت میں نمایاں مقام حاصل کرلیا ہے۔ بیجنگ تجارتی اصلاحات اور اپنے ساتھ شراکت داری کے لیے کھلے دل سے دنیا کو دعوت دے رہا ہے،تاکہ علاقائی تعاون کو مثبت طور پر آگے بڑھا یا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معاملات کو مشترکہ اور مربوط مشاورت کے ذریعے حل کرنا چاہیے، عالمی مستقبل کو مختلف ممالک کو مل کر سنبھالنا چاہیے۔ چند ممالک کے ضوابط کو دوسروں پر جبری طور پر مسلط کرنے کا صرف نقصان ہی ہوگا۔ دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنا وہاں کے عوام برداشت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ امن، ترقی، مساوات، انصاف، جمہوریت اور آزادی جیسی مشترکہ اقدار کا تحفظ انسانیت کی ذمے داری ہے۔بیلٹ اینڈ روڈ ایسا روشن راستہ ہے، جس پر سب لوگ ساتھ مل کر گامزن ہوسکتے ہیں۔ 2030 ء تک منصوبے کے تحت دنیا کے 76 لاکھ افراد انتہائی غربت سے، جب کہ مزید 3 کروڑ 20 لاکھ افراد درمیانی غربت سے نکل سکیں گے۔