صنعتکار وں کے مسائل فوری حل کیے جائیں گے ، شہزاد فضل عباسی

456
سرپرست اعلیٰ سائٹ ایسوسی ایشن زبیرموتی والا منیجنگ ڈائریکٹر سائٹ لمیٹڈ شہزاد فضل عباسی کو شیلڈ پیش کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری اور سائٹ لمیٹڈ نے کراچی کے سب سے قدیم اور بڑے صنعتی ایریا کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے اور مسائل کے بلاتاخیر حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے اور باہمی مشاورت سے اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔سائٹ لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹرشہزاد فضل عباسی کے سائٹ ایسوسی ایشن کے دورے کے موقع پر اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ صنعتی فضلے اور کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لیے ڈمپنگ پوائنٹس کی نشاندہی کی جائے گی اور مستقل بنیادوں پر کچرے کوٹھکانے لگانے کا نظام بنایا جائے گا نیز صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کی مرمت کے کام بھی جلد شروع کیے جائیں گے۔اجلاس میں سائٹ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا، صدر عبدالہادی، سینئر نائب صدر ریاض الدین، نائب صدر قادر بلوانی ودیگر بھی شریک تھے۔ایم ڈی سائٹ شہزاد فضل عباسی نے صنعتکاروں کو اپنے ہر ممکن تعاون کایقین دلاتے ہوئے کہاکہ وہ سائٹ ایریا کے صنعتکاروں کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوںپر حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریںگے تاہم چیزوں کو بہتر کرنے کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔ وہ سائٹ لمیٹڈ کو دوبارہ مثالی بنانے کی کوشش کریں گے اور جلد ہی واضح اور مثبت تبدیلیاںنظر آئیں گی۔ انہوں نے سائٹ لمیٹڈ سے متعلق امور میں تاخیر کانوٹس لیتے ہوئے شکایات بر وقت دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرواتے ہوئے کہاکہ سائٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ مشترکہ طور پر صنعتی ایریا کا دورہ کرکے متاثرہ علاقے کی نشاندہی کی جائے گی اور جن علاقوں میں فوری کام کی ضرورت کے وہاں کام کا آغاز کیا جائے گا۔سائٹ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا نے کہاکہ سائٹ لمیٹڈ صنعتکار برادری کے مسائل حل کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے ۔ 20سال قبل سائٹ لمیٹڈ کی کارکردگی کی مثالیں دی جاتی تھیں لیکن آج یہ ادارہ تباہ ہوچکا ہے امید ہے نئے ایم ڈی سائٹ لمیٹڈ کو ایک مثالی ادارہ بنائیں گے تاکہ صنعتکار اپنی صنعتیں دوسرے صنعتی علاقوں میں منتقل نہ کریں اور نئی سرمایہ کاری کی طرف مائل ہوں۔قبل ازیں صدر سائٹ ایسوسی ایشن عبدالہادی نے نئے ایم ڈی سائٹ لمیٹڈ کا خیرمقدم کرتے ہوئے زور دیا کہ صنعتکاروں کی دشواریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سائٹ لمیٹڈ سے متعلق خدمات کی فراہمی میں تیز ی لائی جائے گی۔