افغان امن عمل: “طالبان کو آمادہ کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے”

288

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ طالبان اپنے فیصلے خود کرتے ہیں، وہ اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہیں لیکن پاکستان انہیں آمادہ کرنے کی ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ابوظبی میں غیر ملکی خبررساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ افغان امن عمل کا حصہ بنے رہنے میں طالبان کا قومی مفاد ہے۔ طالبان غیر ملکی افواج کے انخلا کے مقصد میں بڑی حد تک کامیاب ہوچکے۔

خیال رہے کہ طالبان قیادت نے افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا تک ترکی میں ہونے والی افغان امن کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان سے غیر ملکی فوجیوں کا انخلا ہوگا جس کے لیے تاریخ دی گئی ہے۔ غیر ملکی فوجیوں کا انخلا  یکم مئی سے 11 ستمبر تک جاری رہے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ امن عمل تعطل کا شکار رہا تو افغانستان میں تشدد مزید بڑھ سکتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ سرحد پر 90 فیصد باڑ کا کام مکمل کرلیا۔ پاک افغان سرحد پر باڑ کا کام ستمبر تک مکمل ہو جائے گا۔