میونسپل ملازم کے چیف میونسپل آفیسر پر کروڑوں کی مبینہ کرپشن کے الزامات

233

بدین(نمائندہ جسارت)میونسپل ملازم اور سابق واٹر سپلائی انچارج کا چیف میونسپل آفیسر پر کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کے الزامات۔ ثبوت کے ساتھ عدالت اور نیب سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔ بدین میونسپل کمیٹی کے ملازم اور واٹر سپلائی انچارج غلام مرتضیٰ خاصخیلی نے بدین میں کی گئی پریس کانفرنس میں بدین میونسپل کمیٹی کے چیف میونسپل آفیسر مقصود احمد ملاح پر گزشتہ تعیناتی کے دو سال میں کروڑو روپے کی میگا کرپشن کے اعدوشمار ثبوت کے ساتھ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بدین چیف میونسپل افسر مقصود ملاح نے اپنی تعیناتی کے بعد گزشتہ دو سال میں شہر کی تعمیر ترقی خوبصورتی کے لیے جو کام کرایا وہ شہر کی تباہ اور خستہ حال صورتحال میں سب کو دکھائی دے رہا ہے،ہر ماہ ایک کروڑ اسی لاکھ سے زائد کی ملنے والی قسط جس میں سے ایک کروڑ کے قریب تنخواہیں ،باقی تمام رقم سی ایم او کے رحم کرم پر لوٹ مار اور کرپشن کی نذر ہو رہی ہے جبکہ شہر بھر میں موجود میونسپل کی دوکانوں کا ماہانہ کرایہ اورمختلف مد میں جمع ہونے والا ماہانہ بارہ سے پندرہ لاکھ کا ٹیکس بھی کسی بہتری اور ترقی کے کام کے نام پرہڑپ کیا جا رہا ہے۔جعلی بوگس فرضی ترقیاتی بلوں ،واچروں کے علاوہ تیل خریداری کی مد میں تیرہ سے سترہ لاکھ ماہانہ جو پہلے صرف پانچ سے چھ لاکھ روپے تھے۔صفائی کے سامان کی خریداری کی مد میں چھ سے سات لاکھ کے بل جبکہ خریداری ہزاروں میں ہوتی ہے۔مرتضیٰ خاصخیلی نے کہا ظلم کی انتہا ہے ملازمین کی پنشن تنخواہوں کی تین کروڑ روپے کی رقم بھی جعلسازی کے ذریعے بنک سے نکلوا لی گئی ہے جو بنک اکاؤنٹ میں نہیں ہے اور اکثر ملازمین کو تنخواہوں کے لیے ہر ماہ بار بار کے احتجاج کے بعد تنخواہ جاری کی جاتی ہے جبکہ ریٹائرڈ اور انتقال کر جانے والے ملازمین کے ورثا کو ملنے والی پنشن کی رقم بھی بنک میں دستیاب نہیں جس کی وجہ سے ریٹائرڈ ہونے ولالے ملازمین کو بھی سخت مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ مرتضیٰ خاصخیلی نے سی ایم او بدین پر مبینہ کریپشن کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے وسط میں تعمیر گوشت اور مچھلی مارکیٹ کی بیس دوکانیں سی ایم او نے تیس لاکھ روپے رشوت لے کر چند ہزار روپے کہ کرایہ پر دے کر میونسپل کمیٹی کو ماہانہ لاکھوں روپے کی انکم سے محروم کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا سی ایم او کی کرپشن کے خلاف بات کرنے اور آواز بلند کرنے کے بعد سی ایم او مقصود ملاح اور اس کے کارندے مسلسل مجھے میرے والد جو کہ میونسپل ملازم ہیں ہمارے دیگر ملازم ساتھیوں کو جانی نقصان پہنچانے کی دھمکیاں ۔مختلف ہتھکنڈوں اور حربوں سے ہراساں کر رہے ہیں۔مرتضیٰ خاصخیلی نے اس موقع پر چیف جسٹس آف سندھ وزیر اعلیٰ سندھ ،وزیر بلدیات سندھ سمیت تمام اعلیٰ حکام سے کرپشن کی انکوائری ،ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے علاوہ اپنے تحفظ کی اپیل کرتے ہوئے کہا سی ایم او اور اس کے کارندوں کی دھمکیوں کے بعد ہم اپنے تحفظ کے لیے ایس ایس پی بدین اور بدین تھانہ پر تحریری درخواست بھی دے رہے ہیں۔