بیٹنگ کوچ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر محمد یوسف کھلاڑیوں کی ٹریننگ سے متاثر

157

لاہور(جسارت نیوز)بیٹنگ کوچ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر اور سابق کپتان محمد یوسف دورہ زمبابوے سے قبل قومی کرکٹرز کی ٹریننگ سے متاثر ہو گئے۔قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کا ٹریننگ کیمپ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہے، زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ کے 11 کھلاڑیوں سمیت 6 اضافی کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے اور یہ کیمپ آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ قومی اسکواڈ کے اراکین کل زمبابوے کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ دیگر ٹیم ممبران کو جوائن کریں گے۔ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز کی نگرانی میں بھرپور محنت کر رہے ہیں۔سابق کپتان محمد یوسف جو این ایچ پی سی میں بیٹنگ کوچ ہیں وہ خاصے متحرک دکھائی دے رہے ہیں، وہ بیٹسمینوں کی پہلے بیٹنگ پریکٹس کی ویڈیوز بناتے ہیں اور پھر انہیں وہ ویڈیوز دکھا کر ٹپس دیتے ہیں۔محمد یوسف کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی کیمپ میں سخت محنت کر رہے ہیں، ہم ٹیم مینجمنٹ کے پلان کے مطابق ٹریننگ کروا رہے ہیں اور کھلاڑی اچھا رسپانس دے رہے ہیں۔