حصص مارکیٹ میں شدید مندی 68 فیصد کمپنیز کو خسارہ

291

کراچی (بزنس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میںکاروباری ہفتے کے پہلے روز پیرکو شدید مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور حصص مارکیٹ شدید مندی 68فیصد کمپنیز کو خسارہ کا سامنا ہے۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کو ترجیح دینے کے باعث کے ایس ای100انڈیکس 45ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 392.06 پوائنٹس کی کمی سے44913.57پوائنٹس کی سطح پر آگیا جب کہ67.28فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں52ارب 86کروڑ94لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا، تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 109.25فیصد زائد رہا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی منفی رجحان دیکھنے میں آیااور ملک میں ہڑتال اور امن وامان کے حوالے سے خراب صورتحال کے پیش نظر سرمایہ کاروں نے مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کو ترجیح دی جس کے سبب شدید مندی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس دوران ٹریڈنگ 45ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے44606پوائنٹس کی نچلی سطح پر آ گیا،بعد ازاں ریکوری آئی لیکن مجموعی طور پر مندی کا رجحان کاروبار کے اختتام تک برقرار رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 392.06پوائنٹس کی کمی سے44913.57پوائنٹس کی سطح پربند ہواجب کہ کے ایس ای30انڈیکس174.88پوائنٹس کی کمی سے18362.90پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس191.42پوائنٹس کی کمی سے 30530.86پوائنٹس کی سطح پرآ گیا ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر379کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں 109کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 255میں کمی اور15میں استحکام رہا،مندی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 79 کھرب4ارب50کروڑ30لاکھ روپے سے گھٹ کر 78 کھرب51 ارب 63 کروڑ 36 لاکھ روپے ہوگئی۔گزشتہ روز نمایاں کاروباری سرگرمیوں کے لحاظ سے ماری پٹرولیم46روپے کے اضافے سے1615.56روپے اوررفحان میظ 44.50روپے کے اضافے سے9250روپے ہوگئی جب کہ کولگیٹ پامولو90روپے کی کمی سے 2660 روپے اورنیسلے پاکستان 56.82روپے کی کمی سے5710روپے ہوگئی۔