بدین،ڈی سی نے مصنوعی مہنگائی کا نوٹس لے لیا،شہر کا ہنگائی دورہ

155

بدین (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مصنوعی مہنگائی کی شکایت کا نوٹس شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، شہریوں سے ملاقات کر کے صورتحال کا جائزہ لیا اور دکانداروں سے سبزیوں، پھلوں، گوشت کے علاوہ پرچون کی دکانداروں سے روزہ مرہ کی اشیاءخورونوش کے نرخ معلوم کیے۔ اس موقع پر شہریوں کی جانب سے گراں فروشی اور مہنگائی کی شکایت پر ڈی سی بدین نے منافع خوروں کیخلاف کارروائی کو تیز کرتے ہوئے زائد قیمتیں وصول کرنے اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے پر دکانداروں کو وارننگ دی اور کچھ دکانداروں پر جرمانہ بھی عائد کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے دکانداروں سے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت ماہ میں غریب اور متوسط طبقے کا خاص خیال رکھنا چاہیے اور کم سے کم منافع رکھ کر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں گراں فروشوں کیخلاف بھرپور کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ بعد ازاں ڈی سی نے فلٹر پلانٹ کا بھی دورہ کیا، دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ صاف پانی مہیا کرنا ضلعی انتظامیہ، محکمہ پبلک ہیلتھ اور میونسپل کمیٹی کی اولین ترجیح اور ذمے داری ہے، شہریوں کو صاف پانی مہیا کرنے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ آغا شاہنواز خان نے متعلقہ محکموں کے عملداران کو ہدایات دیتے ہوئے پانی کے تالابوں کی صفائی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ شہریوں کو صاف پانی کے حصول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، خصوصاً ماہ رمضان میں شہریوں کو سحرو افطار کیلیے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت مند زندگی کیلیے صاف کھانا اور پانی لازمی ہے جس کے استعمال سے بیماریوں سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔