حیدرآباد:پر امن ہڑتال کاروباری ،مراکز بند ٹریفک غائب

210

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) لاہور میں ٹی ایل پی کے کارکنان کی سیکورٹی اداروں کے ہاتھوں شہادت کے خلاف مفتی منیب الرحمان کال اور دینی جماعتوں کی حمایت سے حیدرآباد میں پرامن ہڑتال، تمام کاروباری مراکز بند، ٹریفک غائب، حیدر چوک سمیت دیگر علاقوں میں پر امن مظاہرے ودھرنے ، پولیس کی بھاری نفری تعینات ۔تحریک لیبک کے سربراہ کی گرفتاری، تنظیم پر پابندی اور کارکنان پر پولیس کی فائرنگ سے شہادتوں کے خلاف مفتی منیب الرحمان نے پرامن شٹرڈا¶ن اور پہہ جام ہڑتال کی کال دی تھی جس کی حمایت جماعت اسلامی، جے یو پی، جے یو آئی س، اہل حدیث یوتھ فورس،جے یو آئی ف ، پاکستان سنی تحریک سمیت تمام مذہبی جماعتوں، تاجر تنظیموں، پرنٹنگ پریس انڈسٹری سمیت دیگر نے کی۔ پیر کے روزصبح ہی سے شہر کے تمام تجارتی مراکز، شاہی بازار، ریشم گلی،فقیر کا پڑ، صدر، کھوکھر محلہ، الیکٹرونکس مارکیٹ، اناج منڈی، مارکیٹ ٹاور، کلاتھ مارکیٹ، لطیف آباد کے تمام بڑے بازار مارکٹیں بند رہیں جبکہ ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابر رہا ۔سندھ بار کونسل کی اپیل عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا گیا جبکہ حالات کے پیش نظر آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے بھی تمام سی این جی پمپ بند رکھنے کی اپیل کی تھی، تحریک لبیک سمیت دیگر جماعتوں کے مظاہرین ٹولیوں کی شکل میں حیدر چوک و دیگر مقامات پر احتجاج کرتے رہے جبکہ شہر بھر میں پولیس کی بھاری نفری سحری کے بعد ہی سے تعینات کردی گئی تھی۔ شہر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ نے ہائی الرٹ کردیا تھا مجموعی طور پر ہڑتال پرامن رہی اورکہیں قابل ذکر ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔علاوہ ازیں کالعدم تحریک لبیک کی جانب سے حیدر چوک سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ریلی میں مذہبی اور تاجر رہنما ورکارکنان بھی شریک تھے ،ریلی میں بڑی تعداد شامل افراد لبیک یارسولﷺ کے نعرے لگارہے تھے ۔اس موقع پر شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ یہود ونصاری کے ایجنٹ حکمران عاشقان رسولﷺ کا خون بہا رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ظلم وجبر سے عاشقان رسول ﷺ کو نہیں دبایاجاسکتا یہ مشن جاری رہے گا۔ انہوںنے فوری طو رپر فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے اورحافظ سعد رضوی کی رہائی کا مطالبہ کیا۔