تشدد مزید تشدد کو جنم دیتا ہے،حکومت ناکام ہوگئی،بلاول زرداری

288

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے تشدد مزید تشدد کو جنم دیتا ہے۔ بلاول ہائوس سے جاری بیان میں چیئرمین پی پی بلاول زرداری نے لاہورسمیت ملک بھر میں ہونے والے تشدد کی سخت مذمت کی۔انہوں نے تشدد کے واقعات میں پولیس اور شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ حالیہ تشدد کے واقعات حکومت کی صورتحال سے پرامن طور پر نمٹنے میں ناکامی کے باعث ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی خون بہانا اور تشدد پر اکسانا کبھی بھی صورتحال کو بہتر نہیں کرسکتا، تاریخ ہمیں یہ بتاتی ہے کہ تشدد مزید تشدد کو جنم دیتا ہے۔بلاول زرداری نے یہ بھی کہا کہ اصل جنگ تو اس خراب ہوتی ہوئی صورتحال کی وجوہات کے خلاف ہے۔انہوں نے استفسار کیا کہ اس سلیکٹڈ حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کیوں نہیں کیا؟ یہ سلیکٹڈ حکومت ملک کے چیلنجز کو پارلیمنٹ میں زیربحث کیوں نہیں لائی؟پی پی چیئرمین نے ضیاء دور میں ان گروپوں کی سرپرستی کی طرف اشارہ کیا جو نسلی، مذہبی اور فرقہ واریت کی نفرتیں پھیلا کر قومی دھارے کی سیاسی پارٹیوں کو کمزور کرنے کے مقصد کے لیے بنائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کو کمزور کرنے کے لیے یہ آمرانہ ہتھیار ابھی تک بنائے جا رہے ہیں۔ نئے نئے عفریت جنم دیے جا رہے ہیں تاکہ پاکستان کے عوام کی جمہوری خواہشات کو دبایا جا سکے۔چیئرمین بلاول نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ ہم یہ سمجھنے میں ناکام ہوگئے کہ جو مستقل آگ سے کھیلتا ہے وہ خود بھی جل جاتا ہے۔ بلاول نے کہا کہ ہماری جماعت شروع سے تشدد اور انتہاپسندی کے خلاف رہی ہے اور اس انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں ہماری قیادت بشمو ل شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے قیمت ادا کی ہے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ہمارا نقطہ نظربہت واضح ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہے اور موجودہ حکومت یہ ذمہ داری پوری کرنے میں بار بار ناکام ہوئی ہے جس کی وجہ سے ملک انارکی کا شکار ہوگیا ہے۔عوام اور ریاست دونوں ناقابل تلافی نقصان کے خطرے کا شکار ہیں۔