ناموس رسالت کیلیے جان دینے سے بھی دریغ نہیں کرینگے، کاشف چودھری

175

اسلام آباد (صباح نیوز) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چودھری نے ملک بھر کی تا جر برادری کی جانب سے تحفظ ناموس رسالت کیلیے ملک گیر کامیاب شٹر ڈائون ہڑتال پر تاجر برادری کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ عشق مصطفیٰؐ اور ناموس رسالت کیلیے کاروبار تو کیا جان بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے، نبی رحمتؐ تمام مسلمانوں کیلیے ان کی جان، مال، والدین، اولاد سے زیادہ عزیز ہیں، ان کی شان میں گستاخی کسی صورت قبول نہیں، تاجر برادری نے پرامن شٹر ڈائون ہڑتال کرکے محبت رسولؐ کے جذبے کا عملی اظہار کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کے سفیر کی حکومتی معاہدے کے مطابق ملک بدری کا مطالبہ کرنے والوں کو سیدھی گولیاں مار کر زخمی اور شہید کرنا ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے، ایف اے ٹی ایف کی پاسداری کیلیے حکومت اس حد تک نہ جائے کہ اپنے ہی لوگوں قتل کیا جارہا ہے۔ محمد کاشف چودھری نے کہا معاہدے پر عملدرآمد نہ کرنے کے بعد پیدا ہونے والے حالات اور جانی و مالی نقصانات کے معاملے کی عدالتی تحقیقات کی جائے، حکومت اپنے وعدوں کی پاسداری کرے اور مسلمانان پاکستان کے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچائے، گرفتار بیگناہ افراد کو فی الفور رہا کیا جائے اور حکومت تحریک لبیک کے ساتھ معاملات کو افہام و تفہیم اور مذاکرات سے حل کرے۔ اس موقع پر انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ ، اسلام آبادچیمبر آف کامرس کے صدر ملک ظہیر ، خورشید قریشی ، شعیب عباسی ، چوہدری جاوید اختر ، راجہ ضیاء احمد نے بھی خطاب کیا ۔