ریاست کا وعدے سے انکار غیردانشمندانہ ہے، دردانہ صدیقی

122

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم مسلمانوں کے ایمان کی اساس اور روح ہے۔ عالم اسلام کے جذبات کی شدت اور عاشقان رسول ؐ کی اس حوالے سے حساسیت فطری عمل ہے ۔ اس موقع پر ریاست کی جانب سے کیے گئے عہد کی پاسداری سے انکار اور غیر دانشمندانہ طرز عمل نے ملک کو انتشار سے دوچار کردیا ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے مسئلہ تحفظ ناموس رسالت ؐپر لاہور میں ہونے والے افسوسناک واقعے پر اپنے بیان میں کیا ۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ اسلامو فوبیا میں مبتلا فرانس کے صدر میکرون نے ہمارے محبوب نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات کو نشانہ تضحیک بنانے کی سرکاری سرپرستی کی جس سے عالم اسلام کے جذبات شدید مجروح ہوئے جس کے نتیجے میں پوری دنیا کے مسلمانوں میں احتجاج اور غم و غصے کی لہر دیکھنے میں آئی۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی حیثیت ماں کی سی ہوتی ہے لہٰذا حکمت کی تدابیر اختیار کرتے ہوئے افہام و تفہیم کی جانب قدم بڑھایا جائے تاکہ مزید خون ریزی سے بچا جا سکے اور حکومت اپنے کیے ہوئے وعدوں کی پاسداری کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک اعلیٰ سطحی عدالتی کمیشن بنایا جائے جو اس پورے معاملے کی غیر جانبدار تحقیقات کرے۔ مزید یہ کہ ریاست کی پولیس قانون کے تحفظ کے لیے تشکیل دی جاتی ہے اسے غیر قانونی اور غیر آئینی سرگرمیوں میں نہ الجھایا جائے۔