حکومت فرانسیسی سفیر کی بیدخلی کا معاہد ہ پورا کرے‘ معراج الہدیٰ

38

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہییں‘ حکومت نے ایک سیاسی جماعت سے فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا جو معاہدہ کیا تھا اس پر عمل درآمد کرے اور مسائل حل کرنے کے لئے مذاکرات کرکے فوری حل نکالے اور بے گناہوں کو فوراً رہاکرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی علاقہ شاہ ولی اللہ نگر کے تحت عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ روزہ دار کے لیے دوخوشیاں لکھ دی گئیں ہیں ایک افطار کے وقت اور دوسری رب سے ملاقات کی خوشی۔ رمضان المبارک کا رحمتوں بھرا عشرہ گزررہا ہے جس کا ہر لمحہ رحمت ہی رحمت ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ روزہ ڈھال ہے جو گناہوں سے بچاتی ہے ۔روزہ دار کے لیے جنت میں ایک الگ دروازہ باب الریان ہے جس سے صرف روزہ دار جنت میں داخل ہوگا آج کل یہ چلن عام ہوتا جارہا ہے کہ لوگ موبائل سے ایک دوسرے کو میسج کرتے ہیں کہ اگر کوئی مجھ سے غلطی یا زیادتی ہوئی ہو تو مجھے معاف کرنا کیا کبھی گھر میں بیٹھے بوڑھے ماں باپ سے بھی معافی مانگی جو کہ لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں شمع رسالتؐ کے پروانوں پر ظلم ریاستی جبر کی انتہاہے۔ قیامت والے دن کس طرح شفاعت رسول کے مستحق ہونگے۔