سعودی عرب سے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے ، ایران

115

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سعودی عرب کے ساتھ خفیہ مذاکرات کی میڈیا رپورٹوں کی تردید یا تصدیق نہیں کی، تاہم مذاکرات کے لیے دروازے کھلے رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔ عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ ایران نے ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات کا خیر مقدم کیا ہے، کیوں کہ مذاکرات دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہیں۔ ذرائع ابلاغ سے گفتگو کے دوران ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے 9 اپریل کو سعودی عرب کے ساتھ خفیہ مذاکرات کی تردید یا تصدیق نہیں کی، تاہم انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ میں جعلی اور متنازع خبریں پھیلانے کا رواج بھی پرانا ہے۔ سعودی عرب نے ایران کے ساتھ خفیہ مذاکرات کی میڈیا رپورٹ کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان 2016ء سے اس وقت سے تعلقات منقطع ہیں جب ریاض میں ایک شیعہ عالم کا سرقلم کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز اور فنانشل ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 9 اپریل کو ایران اور سعودی عرب کے سفارت کاروں کے درمیان بغداد میں یمن پر خفیہ مذاکرات ہوئے تھے۔ مبینہ ملاقات کی رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند روز قبل ہی عراق کے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت سے بات چیت کے لیے ریاض کا دورہ کیا تھا، جس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔مصطفی الکاظمی نے متحدہ عرب امارات کا بھی دورہ کیا تھا۔یاد رہے کہ عراق اور اس کے ہمسایہ ملک ایران کے درمیان قریبی تعلقات ہیں اور حالیہ مہینوں میں کئی اعلیٰ سطح کے سیاسی وفد خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے تہران گئے ہیں۔