گرفتار اپوزیشن رہنما کی موت روس کو مہنگی پڑے گی‘ امریکا

97

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے روس کے اپوزیشن رہنما الیکسی ناولنی کو نقصان پہنچانے پر ماسکو حکومت کو سنگین نتائج کی دھمکی دے دی۔ خبررساں اداروں کے مطابق صدر جو بائیڈن کے قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ واشنگٹن نے کریملن کو متنبہ کیا ہے کہ اگر ناولنی کی موت واقع ہوئی تو روس بین الاقوامی برادری کو جواب دہ ہوگا۔ واضح رہے کہ 44سالہ الیکسی ناولنی نے کئی روز سے بھوک ہڑتال کررکھی ہے اور ان کی حالت تشویش ناک ہے۔ ناولنی کے معالجین نے بتایا کہ کسی بھی وقت انہیں دل کا دورہ پڑ سکتا ہے اور ان کی موت واقع ہوسکتی ہے۔ ان کی حالت کے بارے میں تفصیلات سامنے آنے کے بعد فرانس، جرمنی اور یورپین یونین کی طرف سے سخت ردعمل کا مظاہرہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے،جس میں صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ادھر روسی اپوزیشن نے اعلان کیا ہے کہ وہ بدھ کے روز پیوٹن کے قوم سے خطاب کے بعد ملک بھر میں وسیع پیمانے پر احتجاج کریں گے۔ ناولنی کے دست راست سمجھے جانے والے لیونڈ وولکو نے اپنی فیس بک پوسٹ میں کہا ہے کہ اب عمل کرنے کا وقت ہے، ہمیں صرف ناولنی کی رہائی کے لیے ہی نہیں بلکہ ان کی زندگی کے بارے میں بھی تشویش ہے۔ الیکسی ناولنی نے دوران حراست تکلیف کی شکایت کی تھی،جس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔