‘مذہبی جماعت سے معاملات حل کرنا چاہتے ہیں، مذاکرات جاری ہیں’

499

وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ حکومت مذہبی جماعت سے تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتی ہے اور اس سلسلے میں مذاکرات جاری ہیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی محبت میں پوری قوم ایک ہے، گزشتہ دنوں جو کچھ ہوا ہمیں بھی اس پر دکھ ہے، 4 ماہ سے معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں، ہم نے مذاکرات کا دروازہ کھلا رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ شیخ رشید نے پالیسی بیان دیا، کوئی بھی حکومت ایسی صورتحال  برداشت نہیں کرسکتی بدقسمتی سے 20اپریل  کو احتجاج کی کال دی گئی ہماری  ہرممکن کوشش تھی راستے  بند نہ کیے جاتے ہم نےمذاکرات کادروازہ کھلارکھا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خارجہ پالیسی کا تعین کرنا حکومت وقت اور پارلیمنٹ کا کام ہے مذہبی جماعت سے مذاکرات جاری ہیں اور 2 ادوار ہو چکے ہیں، عوام کی روز مرہ کی زندگی کو متاثر نہ ہونے دینا اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔