وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغان ہم منصب کا ٹیلیفونک رابطہ

481

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور دونوں رہنماؤں نے افغان عمل امن پراب تک سامنے آنے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغان ہم منصب کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے اور دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ماہ صیام کے حوالے سے مبارکباد کا تبادلہ بھی ہوا۔

پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا کہناہےکہ ایک پر امن اور مستحکم افغانستان، پاکستان کے مفاد میں ہے ہم افغانستان میں پر تشدد واقعات میں کمی کے خواہشمند ہیں، پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلیے کی جانے والی کاوشوں میں شراکت دار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان کو پرامن اور مستحکم بنانے کیلئے اپنی مصالحانہ معاونت جاری رکھنے کیلیے پر عزم ہے اور افغانستان میں دیر پا قیام امن کی کوششوں میں استنبول پراسس دوحہ ایگریمنٹ کو نتیجہ خیز بنانے کیلیے معاون ثابت ہوگا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ٹیلیفونک رابطے پر اپنے افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کا شکریہ ادا کیا۔

افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر نے افغان امن عمل کو نتیجہ خیز بنانے کیلیے پاکستان کی مسلسل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی معاونت کو سراہتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے دونوں وزرائے خارجہ کا استنبول میں ملاقات پر اتفاق بھی ہوا ہے اور  وزیر خارجہ نے افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر کو استنبول پراسس اجلاس کے بعد اسلام آباد مدعو بھی کیا ہے۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ یو اے ای میں بھارتی ہم منصب سے ملاقات طے نہیں ، دورے کا بنیادی مقصد امارات کے ساتھ تعلقات مزید بہتر کرنا ہے جبکہ کل یو اے ای کے وزیر خارجہ سے ملاقات ہوگی اور یو اے ای دورہ پاک بھارت تعلقات سے متعلق نہیں ہے ، بھارتی وزیر خارجہ سے کوئی ملاقات طے نہیں اور یہاں آنے پر تاثر دیا گیا کہ خفیہ ملاقات ہونے جارہی ہے۔