پاکستان کرکٹ ٹیم زمبابوے سیریز کے لئے ہرارے روانہ

367

جوہانسبرگ (رپورٹ: سید وزیر علی قادری) : پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقا سے زمبابوے کے دارلحکومت ہرارے روانہ ہوگئی، دورے کے دوران 3 ٹی 20 اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقا مکمل ہونے کے بعد جوہانسبرگ سے ہرارے کے لیے روانہ ہوگئی ہے، ٹیم پاکستان چارٹرڈ فلائٹ سے زمبابوے روانہ ہوئی ہے اور ہرارے پہنچنے پر پورے اسکواڈ کا کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔

زمبابوے کے دارلحکومت ہرارے روانگی سے قبل قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے میزبان ٹیم کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی جلد جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

بابراعظم کا کہنا تھا ہم فتح یاب ہوکر دوسری سیریز کھیلنے جارہے ہیں اور ان شاءاللہ جیت کر وطن واپس پہنچیں گے اور عید کا تحفہ پوری قوم کو دیں گے جن کی دعاؤں سے ہمیں اللہ کریم کے فضل سے کامیابی حاصل ہوگی نہ صرف اپنی کارکردگی بلکہ جیت کا تسلسل کا عزم لیے جنوبی افریقا سے رخصت ہورہے ہیں۔

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ نے زمبابوے کے خلاف کھیلی جانے والی ٹی 20 سیریز کے لیے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو ریسٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

شاہین شاہ آفریدی زمبابوے کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کا حصہ ہونگے تاہم ان کی جگہ نئے فاسٹ باؤلر کو موقع دیا جائے گا۔

شاہین شاہ آفرید کی جگہ ارشد اقبال، وسیم جونئیر اور محمد حسنین کو کھلائے جانے کا امکان ہے، پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ٹی 20 سیریز 21 اپریل سے شروع ہوگی۔