“ناموس رسالتؐ کے تحفظ میں سودے بازی قبول نہیں کی جائے گی”

526

  کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ ناموس رسالتؐ کے تحفظ میں کسی قسم کی سودے بازی قبول نہیں کی جائے گی،حرمت رسول ﷺ کے خلاف کوئی عمل برداشت نہیں کیا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمن نے عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت ؐاور حرمت مصطفیؐ پوری امت کی قیمتی متاع ہے،حکومت آگ سے کھیل رہی ہے جس کا نتیجہ تباہی و بربادی کے سوا کچھ نہیں۔

امیر کراچی کا کہنا تھا کہ کیا قانون صرف مظاہرین کے لیے ہی ہے،حکومت اور ریاست کے لیے کوئی آئین،قانون اور ضابطہ نہیں ہے؟جو حکومت اپنے معاہدے کی پاسداری نہ کرے،جھوٹ بولے اور جو وزراء تحریری معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد اسے پورا نہ کریں۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ آئین اور قانون ان کے لیے کیا کہتا ہے اور کیا وہ دفعہ 62اور 63پر پورا اترتے ہیں،حکومت ہوش کے ناخن لے،مذاکرات کے راستے کھولے،یکطرفہ موقف سامنے لاکر،پابندی لگاکر اورمرکزی دھارے سے نکال کر تشدد کی راہ پر ڈالنے سے حالات ہر گز بہتر نہیں ہوسکتے۔

حافظ نعیم الرحمن  کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت بیرونی آقاؤں کی خوشنودی سے باز رہے،کالعدم قراردینے اور پابندی لگانے کے بجائے انہیں مرکزی دھارے میں شامل کیا جائے،حکومت کے موقف کے ساتھ دوسرا موقف بھی سامنے آنے دیا جائے،مظاہرین پر تشدد اور گولی چلانے کی کسی صورت حمایت نہیں کی جاسکتی۔