برطانوی وزیراعظم نے بھارت کا دورہ منسوخ کردیا

479

کورونا کے بڑھتے کیسز اور وبا کی تیسری لہر کے خطرات کے پیشِ نظر برطانوی وزیراعظم نے بھارت کا دورہ منسوخ کردیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بھارت میں کورونا کی بگڑتی صورتحال کے باعث اپنا دورہ منسوخ کیا ہے۔

وزیراعظم بورس جانسن نے رواں ماہ بھارت کا دورہ کرنا تھا جس کے لیے تیاریاں کی جارہی تھیں تاہم دارالحکومت دہلی سمیت بھارت میں کورونا بے قابو ہونے پر دورے کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

بھارت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو لاکھ 73 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ بھارت میں مسلسل پانچویں روز دو لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ عالمی وبا سے مزید 1619 مریض ہلاک ہوئے ہیں۔

نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجروال نے اسپتالوں میں آکسیجن بیڈز بھرنے پر مرکزی حکومت سے مدد طلب کر لی ہے۔ نئی دہلی کے اسپتالوں میں کورونا مریضوں کا شدید دباؤ ہے  اور حکومت نے کھیلوں کے مراکز سمیت دیگر سرکاری تنصیبات کو کورونا سینٹرز میں تبدیل کر دیا ہے۔

بھارت میں کورونا کے یومیہ ہزاروں کیسز رپورٹ ہونے پر رواں سال اکتوبر نومبر میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھی خطرات سے دوچارہے۔