ملک بھر میں مڈل کلاسز تک اسکول بند رکھنے کا فیصلہ

153

اسلام آباد/کراچی (اسٹاف رپورٹر/ صباح نیوز)ملک بھر میں مڈل کلاسز تک اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘ سندھ میں یکم مئی جبکہ اسلام آباد، 3 صوبوں اور آزاد کشمیر میں تدریسی عمل عید تک معطل رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ این سی او سی کے اتوار کو ہونے والے اجلاس کے بعد محکمہ تعلیم سندھ نے فیصلہ کیا ہے کہ بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی وجہ سے صوبے میں پہلی تا آٹھویں تک کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل اب یکم مئی
تک معطل رکھا جائے گا البتہ اس دوران ان کلاسز کے طلبہ و طالبات کا ہوم ورک، آن لائن، واٹس اپ اور ای میل سمیت دیگر متبادل ذرائع سے تعلیمی عمل جاری رکھا جائے۔ اپنے ایک بیان میں سعید غنی نے کہا کہ اس دوران نویں سے بارہویں تک کے بچوں کی کلاسز50 فیصد حاضری کے ساتھ جاری رہیں گی‘ تمام سرکاری اور نجی اسکولز جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔ علاو ہ ازیں وفاقیحکومت نے پہلی سے آٹھویں تک اسکولز عید تک بند رکھنے اور 9 ویں سے12 ویں تک تعلیمی ادارے آج (پیر سے) سخت کورونا ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے بتایاکہ اجلاس میں اتفاقِ رائے سے تمام وزرائے تعلیم کے فیصلے لیے گئے‘ متاثرہ اضلاع میں نویں سے بارہویں تک ایک دن چھوڑ کے ایک دن کلاسیں شروع کی جائیں گی‘ کلاسیں شروع کرنے کا مقصد یہ ہے کہ طلبا بورڈ کے امتحانات کی تیاری کر سکیں‘ نویں سے بارہویں جماعت تک امتحانات مئی کے آخری ہفتے سے پہلے نہیں ہوں گے‘ امتحانات نئی تاریخوں کے تحت ہوں گے۔