ٹنڈو محمد خان، وارڈ 17 کا گاؤں پٹار گندے پانی میں ڈوب گیا

185

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) میونسپل کمیٹی کے وارڈ 17 کا گاؤں پٹار گندے پانی میں ڈوب گیا، گرلز اسکول، مدرسہ اور مساجد کو جانے والے تمام راستے گندے پانی کی زد میں آگئے، بار بار شکایت کے باوجود میونسپل کا عملہ صفائی کو نہ پہنچا، مکینوں کا احتجاج۔ میونسپل کمیٹی ٹنڈو محمدخان کے وارڈ نمبر 17 کا گاؤں پاٹار کے نالے اور نالیاں کئی ماہ سے صفائی نہ ہونے کے باعث ابل پڑے جس کی وجہ سے گاؤں کی تمام گلیاں گندے پانی میں ڈوب گئیں، گاؤں پاٹار میں قائم گرلز اسکول اور مدرسے کو جانے والے طلبہ کو گندے پانی سے گزر کر اسکول و مدرسے جانا پڑ رہا ہے، رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں روزہ داروں کو نماز و تراویح کی ادائیگی کے لیے بھی گندے پانی سے گزر کر مسجد جانا پڑرہا ہے، گاؤں کے مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ گزشتہ کئی ماہ سے ہم نالوں کی صفائی نہ ہونے کی شکایت کررہے ہیں، لیکن میونسپل کمیٹی کا عملہ، نالوں اور نالیوں کی صفائی کرنے کو تیار نہیں، بلکہ میونسپل کا عملہ موجودہ صورتحال کی ذمے دار پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کو قرار دیتی ہے۔ میونسپل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گاؤں پاٹار کے نالوں کی صفائی کی ذمے داری پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی ہے، گاؤں کے مکینوں نے ایم این اے سید نوید قمر، ایم پی اے سید اعجازشاہ بخاری، ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ گاؤں پٹار میں نالوں اور نالیوں کی صفائی نہ ہونے کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے اور گاؤں میں نالیوں کی صفائی کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے۔