آپ ﷺ نے حضرت فاطمہؓ سے محبت و شفقت کی مثال قائم کردی

430

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت)اسلام سے پہلے غیر مسلم معاشرے میں جب بچیاں پیداہوتی تھیں توانہیں زندہ درگورکردیاجاتاتھا۔نبی کریم ﷺنے اس معاشرے کی بچیوں کامقام اتنا بلندکیا کہ سیدنافاطمۃ الزہرہؓجب نبی کریم ﷺسے ملنے آتیں توحضور ﷺ اُن کے استقبال میں کھڑے ہوجاتے تھے اوران کو اپنی جگہ بٹھاتے اورہاتھ چومتے ۔آپ ﷺنے سیدہ فاطمۃ الزہرہ ؓ سے محبت و شفقت کرکے ہمیشہ کیلیے یہ مثال قائم کی کہ ہمیں اپنی بیٹیوں سے پیارکرناچاہیے اور ان کی اچھی تربیت کرنی چاہیے۔آج کی معاشرے کی عورت اگرقربانی،ایثار،جرأت،بہادری، گفتار وکردار،صبر کرنے کواپناناچاہیے تو حضرت سیدنافاطمہ ؓ کی سیرت سے سیکھنے کی ضرورت ہے،آپ کی اعلیٰ کردارقیامت تک کی خواتین کے لیے مشعل راہ کی حیثیت رکھتاہے۔ ان خیالات کا اظہار صرافہ اینڈ زرگران ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر حاجی بشیر احمد سموں سونارو نے اپنی رہائش گاہ پر خواتین کے لیے دی گئی افطار پارٹی کے دوران گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ آج ہمارے معاشرے میں طلاق کی شرح بڑھتی جارہی ہے اگرہماری بچیوں کوخاتون جنت اوراُمہات المومنین کی سیرت کے بارے میںبتایاہوتا تو ایسی مشکلات سے ہم ہرگزمبتلانہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت سیدہ فاطمۃ الزہرہؓ مسلمان خواتین کیلیے مشعل راہ ہیں آپؓ حضور نبی کریمﷺ کی سب سے چھوٹی اور لاڈلی صاحبزادی ہیں مسلم خوا تین کو سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہاکے نقش قدم پر چلتے ہوئے ان کے شعار زندگی کو اپنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کی تربیت چونکہ کاشانہ نبوتﷺ میں ہوئی اس لیے اپنی عادات و اطوار اور فضائل و مناقب میں بے مثل تھیں ام المومنین حضرت سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے فاطمہ رضی اللہ عنہا سے زیادہ کسی کو عادات و اطوار اور چال ڈھال میںحضور نبی کریمﷺ سے مشابہ نہیں دیکھا۔