الیکشن ریفارمز کے بغیر انتخابات محض چہرے بدلنے کی ریہرسل ہے

102

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر سردارظفر حسین خان نے کہا ہے کہ الیکشن ریفارمز کے بغیر انتخابات محض چہرے بدلنے کی ریہرسل ہے ۔ الیکشن سے قبل انتخابی اصلاحات کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے ۔سیاسی قیادت الیکشن اصلاحات کے نفاذ کیلیے مشترکہ لائحہ عمل دے ۔انتخابات میں دولت کے بے دریغ استعمال کورو کنااورانتخابی بے قاعدگیوں کا ذمہ دار براہ راست پریذائیڈنگ آفیسر کو قرار دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اربوں روپے خرچ کرکے اور ووٹ خرید کر الیکشن جیتنا سب سے بڑی دھاندلی ہے ۔ الیکشن کمیشن انتخابی اخراجات کی خود نگرانی کرے اور اخراجات کی مقررہ حد سے تجاوز کرنے والوں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا جائے ۔آئین کی دفعہ باسٹھ تریسٹھ پر پورا نہ اترنے والے امیدواروں کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی سسٹم میں عام آدمی الیکشن میں حصہ لینے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔سیاست کو جاگیر دار وڈیر ے اور سرمایہ دار اپنے گھر کی لونڈی سمجھتے ہیں ، سیاسی پارٹیوں کے اپنے اندر جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں بلکہ اکثر سیاسی جماعتیں خاندانی پراپرٹی بن گئی ہیں ،چند خاندانوں نے سیاست اورجمہوریت کو یرغمال بنا رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی نگرانی میں سیاسی جماعتوں کے اندر انتخابات کروائے تاکہ سیاسی جماعتوں سے موروثیت کو ختم کیا جا سکے ۔ الیکشن میں اربوں روپے خرچ کرکے اور ووٹ خرید کر اسمبلیوں میں پہنچنے والے عوام کے بجائے اپنی خدمت میں لگ جاتے ہیں اور پھر الیکشن پر خرچ کی گئی رقم کا کئی گنا وصول کرتے ہیں ،کرپشن اور بددیانتی کرنے والے انتخابی نظام کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھا کراسمبلیوں میں پہنچ جاتے ہیں۔