پیراگون ہائو سنگ سوسائٹی ریفرنس پر سماعت آج ہوگی

369

لاہور(آن لائن)لاہور کی احتساب عدالت میں مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کیخلاف پیراگون ہائو سنگ سوسائٹی ریفرنس پر(آج)پیرکو سماعت ہوگی۔ عدالتی حکم پر رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق اوررکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق آج عدالت میں پیش ہوںگے جب کہ خواجہ برادرن کے خلاف پیراگون ریفرنس میں فرد جرم عاید کی جاچکی ہے۔عدالت کے روبرو پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی ریفرنس میں نیب کے استغاثہ کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنی اہلیہ، بھائی سلمان رفیق، ندیم ضیااور قیصر امین بٹ سے مل کر ایئر ایونیو سوسائٹی بنائی، جس کا نام بعد میں تبدیل کرکے پیراگون رکھ دیا گیا۔ نیب کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ہائو سنگ سوسائٹی کی تشہیر کی اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر عوام کو دھوکا دیا اور اربوں روپے کی رقم بٹوری۔نیب کے مطابق ملزمان کے نام پیراگون میں40کنال اراضی موجود ہے۔